رسائی کے لنکس

امن سب کی ضرورت ہے: وزیراعظم


پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت ناصرف پاکستان بلکہ خطے میں امن کی خواہاں ہے اور اس کا حصول مشترکہ کوششوں ہی سے ممکن ہے۔

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کو ان کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

اسلام آباد میں بدھ کو وفاقی کابینہ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ایک قومی مسئلہ ہے اور اس سے نبرد آزما ہونے کے لیے قومی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

اُنھوں نے عوام سے اپیل کی کہ جب بھی ان کے علم میں دہشت گردوں سے متعلق معلومات آئیں تو وہ فوری پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس سے آگاہ کریں۔

وزیراعظم پرویز اشرف نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو اس مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

اس سے قبل وفاقی دارالحکومت میں بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق قومی کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خطے کی سب سے بڑی ضرورت امن ہے جس کے لیے ہر شخص کو اپنی بساط کے مطابق کردار ادا کرنا ہو گا۔

’’دنیا اتنی چھوٹی سی جگہ ہے کہ یہاں کوئی جزیرہ بنا کر نہیں رہ سکتا آپ کو دنیا کے ساتھ زندہ رہنا ہے اور اس چھوٹی سی دنیا میں جہاں بھی امن سلامتی ہو گی وہ سب کے لیے بہتر ہے، جہاں دہشت گردی، بدامنی ہو گی وہ ساری دنیا کے لیے خطرہ ہے… ہمیں ایک ہی نغمہ ایک ہی گیت گانا ہے اور وہ ہے امن کا۔‘‘

وزیراعظم پرویز اشرف نے تقریب میں شریک مختلف مکاتب فکر کے علماء اور پاکستان میں آباد دیگر مذاہب کے رہنماؤں سے کہا کہ وہ اپنے اختلاف کو بھلا کر سب کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی اپنائیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ان کی حکومت ناصرف پاکستان بلکہ خطے میں امن کی خواہاں ہے اور اس کا حصول مشترکہ کوششوں ہی سے ممکن ہے۔
XS
SM
MD
LG