رسائی کے لنکس

غیر ذمہ دارانہ ٹاک شوز پر ٹی وی چینلوں کو نوٹس جاری


غیر ذمہ دارانہ ٹاک شوز پر ٹی وی چینلوں کو نوٹس جاری
غیر ذمہ دارانہ ٹاک شوز پر ٹی وی چینلوں کو نوٹس جاری

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے مختلف سیٹیلائٹ ٹی وی چینلوں کو عوامی جذبات بھڑکانے، غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور ناظرین میں ملک وقوم کے خلاف اشتعال پیدا کرنے والے ٹاک شوز(مذاکرے)نشر کرنے پر نوٹس جاری کیا ہے۔

ان ٹی وی چینلز میں جیونیوز، ڈان نیوز، نیوز ون اور دنیا نیوز شامل ہیں۔

جمعہ کو پیمرا کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ چینلز پیمرا آرڈیننس میں سیٹلائٹ چینلز کے لیے طے شدہ نظم وضبط کی متعلقہ شقوں کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں پی این ایس مہران میں پیش آنے والے واقعے کے بعد چند ٹی وی چینلز نے اپنی رپورٹنگ اور تبصروں میں پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے غفلت برتی اور معاشرے ، قومی اداروں اور ملک وقوم کے مفاد کو دانستہ یا نادانستہ طور پر نقصان پہنچانے کے مرتکب ہوئے۔ بیان کے مطابق ان مذاکروں میں مسلح افواج کے کردار پر سوالات اٹھانے، ان کی اہلیت کو اپنے انداز میں پرکھنے کی کوشش اور قومی اداروں کو بدنام کرنے والی بحث کا انعقاد کیا ہے۔

اتھارٹی کے جاری کردہ بیان میں جیونیوز پر نشر ہونے والے ایک انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پی این ایس کے دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کے ایک مبینہ عینی شاہد کا انٹرویو نشر کرکے ایک بے معنی ہلچل کو جنم دیاگیا اور’ ’حقائق کی تصدیق کی زحمت“ نہیں کی ۔

پیمرا کا کہنا ہے کہ ملک میں میڈیا آزاد ہے” لیکن اسے شتر بے مہار بننے سے روکنے اور خواہشات ، پسندو ناپسند کے بیچ خط کھینچنا لازم ہوگیا ہے۔“

پیمرا کے جاری کردہ نوٹس کے جواب میں ان چینلوں کی طرف سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

XS
SM
MD
LG