رسائی کے لنکس

متنازع پروگرامنگ پر متعدد ٹی وی چینلز کو نوٹس


پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ’پیمرا‘ نے ملک میں کام کرنے والے 17 نجی ٹی وی چینلز کو اسلام آباد کے قریب فضائی حادثے میں ہلاک شدگان کی ’’بِلا جواز‘‘ خون آلود اور مسخ شدہ لاشوں کی منظر کشی کرنے پر اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا ہے۔

پیمرا کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ تفریحی پروگرام پیش کرنے والے 24 ’انٹرٹینمنٹ‘ ٹی وی اسٹیشنوں کو ’’فحش پروگرام و اشتہارات اور حد سے زیادہ غیر ملکی / غیر تہذیبی‘‘ مواد نشر کرنے پر بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

’’اظہارِوجوہ کے نوٹس میں ان مناظر کی اشاعت کو اخلاق باختہ اور انتہائی غیرذمہ دارانہ قرار دیا ہے جو کہ نہ صرف عوامی امنگوں بلکہ پیمرا قوانین کے بھی صرحاً منافی ہے۔‘‘

بیان میں کہا گیا کہ عوام تک فوری اور مستند خبر کی فراہمی میں کوئی حرج نہیں البتہ یہ کام ذمہ داری کے ساتھ ہونا چاہیئے۔

پیمرا نے ایسے تمام ٹی وی چینل جنہیں اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ دومئی تک اپنا موقف پیش کریں بصورت دیگر ان کے خلاف ’’تادیبی قانونی چارہ جوئی ‘‘ کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG