رسائی کے لنکس

پیمرا نے بول نیٹ ورک کے لائسنس منسوخ کر دیے


بول نیٹ ورک کی انتظامیہ کی طرف سے فوری طور پر اس فیصلے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا لیکن یہ چینل اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔

پاکستان میں الیکٹرانک میڈیا کےنگران ادارے "پیمرا" نے نجی ٹی وی نیٹ ورک "بول" کے لائسنسز منسوخ کر دیے ہیں۔

بدھ کو پیمرا کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزارت داخلہ کی طرف سے اس نیٹ ورک کے ڈائریکٹر شعیب شیخ، عائشہ شعیب شیخ، وقاص عتیق اور ثروت بشیر کی سکیورٹی کلیئرنس مسترد کیے جانے کے بعد یہ اقدام کیا گیا۔

یہ نیٹ ورک 'لبیک پرائیوٹ لمیٹڈ' نامی کمپنی کی ملکیت ہے اور مذکورہ بالا افراد اس کمپنی کے ڈائریکٹرز ہیں۔

بیان کے مطابق بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ کے لائسنسز فوری طور پر منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ مزید برآں تقسیم کاروں اور کیبل آپریٹرز کو اس فیصلے پر عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

بول نیٹ ورک کی انتظامیہ کی طرف سے فوری طور پر اس فیصلے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا لیکن یہ چینل اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔

شعیب شیخ 'ایگزیکٹ' نامی کمپنی کے بھی چیف ایگزیکٹو ہیں جس کے بارے میں دو سال قبل ایک تہلکہ خیز خبر سامنے آئی تھی کہ اس کمپنی نے دنیا بھر میں مبینہ طور پر لوگوں کو جعلی تعلیمی اسناد فراہم کر کے اربوں ڈالر کمائے۔

شعیب شیخ اور کمپنی کے دیگر ڈائریکٹرز کو مئی 2015ء میں گرفتار کر لیا گیا تھا اور گزشتہ سال اگست میں ہی شعیب شیخ کو سندھ ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہائی دی تھی۔

XS
SM
MD
LG