رسائی کے لنکس

پشاور: دھماکے سے کم ازکم چھ افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس حکام کے مطابق یہ دھماکا ایک گاڑی میں رکھے تقریباً 20 کلو گرام سے زائد بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ میں جمعرات کی سہ پہر ایک بم دھماکے میں کم ازکم چھ افراد ہلاک اور نو زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے سکیم چوک میں یہ دھماکا گاڑیوں کی ایک ورکشاپ میں ہوا۔

ابتدائی تحقیقات اور جائے وقوع سے حاصل ہونے والے شواہد کی روشنی میں حکام کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا ایک گاڑی میں رکھے تقریباً 20 کلو گرام سے زائد بارود مواد کے پھٹنے سے ہوا۔

دھماکے سے ورکشاپ مکمل طور پر تباہ جب کہ یہاں کھڑی متعدد گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

پاکستان میں حالیہ دنوں میں دہشت گردانہ واقعات میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور گزشتہ دس سال سے زائد عرصے سے جاری انسداد دہشت گردی کی جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبے خیبرپختونخواہ میں بھی اس لہر میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

رواں ہفتے چارسدہ میں پولیس کی ایک گاڑی پر بم حملے میں چھ اہلکاروں سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ اس سے قبل اتوار کو بنوں کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کے ایک قافلے میں شامل گاڑیوں پر بم حملے میں کم ازکم 20 اہلکار موت کا شکار ہوئے۔

حکومت نے ملک کے قبائلی علاقوں میں روپوش شدت پسندوں سے مذاکرات کے ذریعے امن بحال کرنے کا اعلان تو کیا تھا لیکن حالیہ ہلاکت خیز دہشت گردانہ واقعات کے بعد مختلف حلقوں کی طرف سے شدت پسندوں کے خلاف موثر کارروائی کے مطالبات بھی سامنے آئے ہیں۔

حکومتی عہدیدار یہ کہہ چکے ہیں شدت پسندوں کے خلاف طاقت آخری حربے کے طور پر استعمال کی جائے گی۔
XS
SM
MD
LG