رسائی کے لنکس

امریکی قونصلیٹ کا پاکستانی ملازم فائرنگ سے ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

30 سالہ فیصل سعید پشاور میں اپنی رہائش گاہ کے باہر کھڑے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

شمال مغربی شہر پشاور میں امریکی قونصلیٹ کے ایک پاکستانی ملازم کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق پیر کی شب پیش آنے والے اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں لیکن فوری طور پر اس قتل کے اصل محرکات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے۔

30 سالہ فیصل سعید پشاور میں اپنی رہائش گاہ کے باہر کھڑے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی ایک ترجمان میگن گریگونس نے منگل کو وائس آف امریکہ سے گفتگو میں اس واقعے کی شدید مذمت کی۔

’’ ہم اس وحشیانہ اور غیر ذمہ دارانہ فعل کی مذمت اور مقتول کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔‘‘

پشاور میں اس سے قبل بھی امریکی قونصلیٹ سے منسلک افراد پر شدت پسندوں کی طرف سے حملے کیے جاتے رہے ہیں۔

دو سال قبل قونصلیٹ کی ایک گاڑی پر خودکش بم حملے میں کم ازکم دو افراد ہلاک ہوگئے تھے لیکن گاڑی میں سوار غیر ملکی عملہ معمولی زخمی ہوا تھا۔
XS
SM
MD
LG