رسائی کے لنکس

پاکستان: اسلام آباد سمیت پنجاب میں پٹرول کی شدید قلت


بعض پمپ پر پٹرول ختم ہو چکا ہے
بعض پمپ پر پٹرول ختم ہو چکا ہے

پٹرول کے حصول کے لیے پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں جب کہ اکثر پٹرول پمپس پر پٹرول ختم ہونے کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ دیکھا گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں پٹرول کی قلت کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ ایک دو روز میں صورتحال میں بہتری آنے کی توقع ہے۔

جمعہ کو بھی اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے تقریباً سب ہی بڑے شہروں میں پٹرول کے حصول کے لیے پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں جب کہ اکثر پٹرول پمپس پر پٹرول ختم ہونے کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ دیکھا گیا۔

جمعہ کو تیل اور گیس کے نگراں ادارے کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ تیل کی وہ کمپنیاں جنہوں نے ضابطے کے مطابق مطلوبہ مقدار میں تیل ذخیرہ نہیں کیا تھا ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ جن پمپس پر مقررہ قیمت سے زیادہ پر پٹرول فروخت ہو رہا ہے وہاں بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر تیل و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پٹرول کی یہ قلت رواں ماہ اس کی کھپت میں اضافے کے باعث ہوئی ہے جس کا ان کے بقول پہلے سے اندازہ نہیں لگایا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ صورتحال مکمل طور پر بہتر ہونے میں دس روز لگ سکتے ہیں۔

ادھر بعض اطلاعات کے مطابق تیل فراہم کرنے والے ادارے پاکستان اسٹیٹ آئل نے سرکار کی طرف سے اربوں روپے کے واجبات واگزار نہ ہونے کی بنا پر سپلائی بند کی جب کہ ادارے کا کہنا ہے کہ اس کے پاس تیل برآمد کرنے کے لیے رقم موجود نہیں۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ نے تقریباً 17 ارب روپے پی ایس او کو جاری کر دیے ہیں جس کے بعد تیل کی فراہمی میں بہتری آنے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔

XS
SM
MD
LG