رسائی کے لنکس

دہشت گردی کے خلاف ناکامی کی ’گنجائش نہیں‘: نواز شریف


وزیراعظم نواز شریف نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا۔
وزیراعظم نواز شریف نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ تمام صوبوں سے مشاورت کا عمل جلد از جلد مکمل کر کے انسداد دہشت گردی کی پالیسی کو حتمی شکل دے۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ امن کی بحالی اور دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس میں ناکامی کی کوئی گنجائش نہیں۔

اُنھوں نے جمعہ کو وزارت داخلہ کا دورہ کیا جہاں وفاقی وزیر چوہدری نثار نے اُنھیں سلامتی سے متعلق اُمور پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق نواز شریف نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ تمام صوبوں سے مشاورت کا عمل جلد از جلد مکمل کر کے انسداد دہشت گردی کی قومی پالیسی کو حتمی شکل دے۔

اُنھوں نے انٹیلی جنس ایجنسیوں سے کہا کہ وہ دہشت گرد حملوں کی روک تھام کے لیے ٹھوس اور قابل عمل خفیہ معلومات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایک ایسی قابل عمل حکمت عملی تیار کی جائے جس سے مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ اُنھوں نے کہا کہ انٹیلی جنس ایجنسیاں قومی مفادات کے تحفظ کے لیے قریبی روابط کو یقینی بنائیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجوں کے تناظر میں دہشت گردی اور جرائم کے خلاف ایک خصوصی فورس تشکیل دینی ہو گی اور اس مقصد کے لیے وزیراعظم نے ضروری وسائل کی فراہمی کا بھی یقین دلایا۔

تاہم اُنھوں نے زور دیا کہ سکیورٹی کے ادارے حکومت اور عوام کی توقعات پر پورا اتریں۔

وزیراعظم نے وفاقی وزارت داخلہ کو ہدایت کی وہ ریاست مخالف اور دہشت گرد عناصر کے خلاف جنگ میں صوبائی حکومتوں سے مکمل تعاون کرے۔

افغان سرحد سے ملحقہ وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقوں اور ملک کے دیگر حصوں میں غیر قانونی طور پر بیرون ملک سے لوگوں کی آمد کو روکنے کے لیے وزیراعظم نے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان میں پہاڑی چوٹی نانگا پربت سر کرنے کے لیے آنے والے چینی اور دیگر غیر ملکی کوہ پیماؤں کو ہلاک کرنے والوں کو تلاش کرنا اُن کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

اُنھوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کے علاوہ اس مشکل صورت حال کا مقابلہ کرنے والے عوام کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نواز شریف نے خاص طور پر بلوچستان کی شیعہ ہزارہ برادری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اُنھوں نے اپنی برادری پر حملوں کے باوجود دہشت گردی کے خلاف صدا بلند کی۔
XS
SM
MD
LG