رسائی کے لنکس

انسداد پولیو مہم میں فوج سے مدد لی جائے: وزیراعظم


وزیراعظم نے پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے قبائلی علاقوں سے بندوبستی علاقوں میں آنے والوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ پولیو کے انسداد کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے اور اُنھوں نے انسانی جسم کو اپاہج کر دینے والے اس وائرس کے خاتمے کے لیے فوج کی مدد لینے کو بھی کہا۔

اس سے قبل وزیراعظم نے پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے قبائلی علاقوں سے بندوبستی علاقوں میں آنے والوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل کو یقینی بنانے کے لیے فوج کو بھی شامل کیا جائے۔

انسداد پولیو کے لیے قومی رابطہ کار عائشہ رضا فاروق سے ملاقات میں وزیراعظم نے انھیں ہدایت کی کہ وہ خیبر پختونخواہ کے گورنر سے ملاقات کر کے قبائلی علاقوں میں انسداد پولیو کی رضا کار ٹیموں کی لوگوں تک رسائی کو یقینی بنانے پر بات کریں۔

نائیجیریا اور افغانستان کے علاوہ پاکستان دنیا کا وہ تیسرا ملک ہے جہاں انسانی جسم کو اپاہج کردینے والی اس بیماری کے وائرس پر تاحال پوری طرح قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔ انسداد پولیو کی ٹیموں پر حالیہ برسوں میں ہونے والے ہلاکت خیز حملوں اور قبائلی علاقے خصوصاً شمالی وزیرستان میں طالبان کی طرف سے اس مہم پر عائد پابندیوں کی وجہ سے ملک میں اس بیماری کے انسداد کی کوششوں کو بہت نقصان پہنچا ہے۔

ان ہی وجوہات کی بنا پر ملک میں آئے روز پولیو سے متاثرہ کیسز کی تعداد بڑھتی جارہی ہے اور اب تک اس کے 61 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ گزشتہ سال پولیو سے متاثرہ کیسز کی تعداد 91 بتائی گئی تھی۔

حال ہی میں عالمی ادارہ صحت نے بھی سفارش کی ہے کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان سے پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اس پر سفری پابندیاں عائد کرتے ہوئے بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کو پولیو ویکسنیشن لازمی پلائی جائے۔

پاکستان کی حکومت نے اس سفارش کے بعد سے ہی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کر دیے تھے اور ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر پولیو ویکسین پلانے کے لیے خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔

رواں ہفتے انسداد پولیو کی کوششوں میں قانون سازوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے قومی اسمبلی میں ایک قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی جس میں رکن اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں انسداد پولیو مہم کی معاونت کریں گے۔
XS
SM
MD
LG