رسائی کے لنکس

وزیر اعظم کا طریقہ انتخاب


پاکستان کی قومی اسمبلی میں جمعہ کی شام ملک کے 25 ویں وزیراعظم کا انتخاب عمل میں آئے گا ۔ اس غرض سے صدر آصف علی زرداری پہلے ہی قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرچکے ہیں۔ اجلاس اسپیکر فہمیدہ مرزا کی صدارت میں ساڑھے پانچ بجے منعقد ہوگا۔ اجلاس کا ایک نکاتی ایجنڈا ہوگا۔
ملکی آئین کے قوائد32 اور33کے تحت اجلاس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ قومی اسمبلی میں ڈویژن یعنی تقسیم کی بنیاد پر ووٹنگ کا عمل ہوگا۔اس طریقہ کار کے تحت قومی اسمبلی میں دو لابیوں کو ووٹنگ کے لیے مخصوص کیا جائے گا۔
اراکین اپنے اپنے امیدوار کے حق میں ووٹنگ کی غرض سے ان دونوں مختلف لابیوں میں جائیں گے جہاں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا عملہ ارکان کے ناموں کا اندراج کرے گا۔ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی کی جائے گی جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے امیدوار کا نام اور حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد کا اعلان کیا جائے گا۔
جو ممبر سب سے زیادہ ووٹ لے گا وہی قائد ایوان اور ملک کا 25واں وزیراعظم کہلائے گا۔ نومنتخب وزیر اعظم ایوان صدر جاکر اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے اور ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیں۔
واضح رہے کہ342 رکنی ایوان میں قائد ایوان منتخب ہونے کےلیے172ووٹوں کا حصول لازمی ہے۔اگر عہدے کے لئے امیدواروں کی تعداد 2یااس سے بھی زیادہ ہواور بلفرض محال کوئی بھی امیدوار مطلوبہ تعداد میں ووٹ حاصل نہ کرسکے تو ایسی صورت میں عددی برتری رکھنے والے صرف2 امیدواروں کے درمیان دوبارہ ووٹنگ ہوگی اور اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار منتخب ہوجائے گا۔
اگر پھر بھی دونوں امیدواروں کے ووٹ تعداد میں یکساں ہوں توایسی صورت میں اسپیکر قومی اسمبلی کا ووٹ فیصلہ کن کردار اداکرے گا ۔

XS
SM
MD
LG