رسائی کے لنکس

علما کرام شدت پسندی سے نمٹنے کے لیے ساتھ دیں:وزیراعظم


عید میلاد النبی کا جلوس
عید میلاد النبی کا جلوس

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ایک بار پھر علماء کرام اور مذہبی رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ شدت پسندی اور تخریبی کارروائیوں سے نمٹنے کی حکومتی کوششوں میں ان کا ساتھ دیں۔

یہ بات انھوں نے عید میلاد النبی کے سلسلے میں بدھ کو اسلام آباد میں منعقدہ مرکزی تقریب ”قومی سیرت کانفرنس“سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے جو حلیمی اور بردباری کا درس دیتا ہے۔ان کے بقول ملک کو جو مسائل درپیش ہیں ان کا حل اسوہ حسنہ میں مضمر ہے۔ ”حضرت محمدﷺ نے ہمیشہ صلح جوئی اور عزت انسانیت کی ترغیب دی ہے۔ وہ جہاں بھی گئے نفرتوں اور کدورتوں کو ختم کرکے محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیا۔“

دریں اثناء ملک بھر میں عیدمیلادالنبی مذہبی جوش و عقیدت سے منایا جارہا ہے۔ تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں اور محافل نعت کا اہتمام کیا گیا ہے۔

اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس، رینجرز کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG