رسائی کے لنکس

نیویارک: نواز شریف اور بان کی مون کی ملاقات


فائل
فائل

میاں نواز شریف کے ساتھ ملاقات میں اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش ظاہر کی

پاکستان کے وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں اور سرحدی کشیدگی میں اضافے کا نوٹس لے۔

وزیرِاعظم نے یہ مطالبہ عالمی ادارے کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے ساتھ اتوار کو نیویارک میں ہونے والی ملاقات میں کیا۔

میاں نواز شریف کے ساتھ ملاقات میں اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش ظاہر کی اور دونوں ملکوں پر اپنے اختلافات مذاکرات کے ذریعے دور کرنے پر زور دیا۔

بان کی مون نے اقوامِ متحدہ کی امن فوج میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور اس ضمن میں سرگرم کردار ادا کرنے پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں میاں نواز شریف نے عالمی ادارے کے سربراہ کو اپنی حکومت کی ترجیحات اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

وزیرِاعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ان کا ملک افغانستان کے ساتھ تعلقات کی از سرِ نو تعمیر کا خواہش مند ہے اور افغان مفاہمتی عمل میں اپنا کردار ادا کرنے پر تیار ہے۔

وزیرِاعظم پاکستان اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کی غرض سے ان دنوں نیویارک میں ہیں جہاں انہوں نے ہفتے کو بھی کئی عالمی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں کی تھیں۔

وزیرِاعظم پاکستان نے اتوار کو نیویارک میں صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق بین الاقوامی اجلاس سے بھی خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں وزیرِاعظم نے اجلاس کے شرکا کو پاکستان میں صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق اپنی حکومت کے اقدامات اور پالیسیوں سے آگاہ کیا۔

XS
SM
MD
LG