رسائی کے لنکس

وزیراعظم کا تھر کا دورہ، ایک ارب روپے امداد کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیراعظم نے سندھ کے وزیر اعلٰی سے کہا کہ وہ کوتاہی برتنے والے افراد کی نشاندہی کر کے اُن کے خلاف تادیبی کارروائی کریں۔

پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع تھرپارکر میں قحط سالی اور بچوں سمیت درجنوں افراد کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی سنگین صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم نواز شریف نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

وزیراعظم نے سندھ کے وزیر اعلٰی سے کہا کہ وہ کوتاہی برتنے والے افراد کی نشاندہی کر کے اُن کے خلاف تادیبی کارروائی کریں۔

پیر کو جب وزیراعظم تھرپارکر پہنچے تو اُن کے ہمراہ صوبہ سندھ کے وزیراعلٰی قائم علی شاہ اور صوبے میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی کے رہنما بلاول بھٹو زرداری نے مقامی اسپتال کا دورہ کیا جس کے بعد عہدیداروں نے اُنھیں اب تک کی صورت حال پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ایک ارب روپے کے امدادی پیکج کا اعلان بھی کیا۔

اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

تھرپارکر میں خشک سالی اور بچوں کی ہلاکت کی خبریں منظر عام پر آنے کے بعد وفاقی حکومت اور عدالت عظمٰی نے نوٹس لیا۔

بعض علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا جا چکا ہے جن میں اسلام کوٹ، مٹھی، ننگرپارکر بھی شامل ہیں اور وہاں ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے عارضی اسپتال بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG