رسائی کے لنکس

جہلم میں دھماکا، مبینہ دہشت گرد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

مقامی پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار ذوالفقار ورک نے صحافیوں کو بتایا کہ "دہشت گرد کا ہدف ریلوے لائن تھی جس پر ابھی لاہور جانے والی ریل گاڑی نے گزرنا تھا۔"

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں پولیس نے ریلوے لائن کو دھماکا خیز مواد سے اڑانے کی کوشش ناکام بنا دی جب کہ مشتبہ دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ضلع جہلم کے علاقے میں ڈومیلی موڑ کے قریب جمعرات کو مشتبہ دہشت گرد ریلوے لائن کے قریب دھماکا خیز مواد نصب کر رہا تھا کہ وہاں موجود ایک چرواہے نے اس کی مشکوک سرگرمی کی اطلاع پولیس کو فراہم کی۔

اس چرواہے نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اس کے شور کرنے اور مشتبہ دہشت گرد کو پتھر مارنے پر وہ وہاں سے فرار ہو گیا اور دوڑتے ہوئے اس نے فائرنگ بھی کی۔

اس دوران پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور مشتبہ دہشت گرد کا پیچھا کیا اور حکام کے مطابق اس نے خود کو دستی بم کا دھماکا کر کے ہلاک کر دیا۔

مقامی پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار ذوالفقار ورک نے صحافیوں کو بتایا کہ "دہشت گرد کا ہدف ریلوے لائن تھی جس پر ابھی لاہور جانے والی ریل گاڑی نے گزرنا تھا۔"

ان کے بقول ریلوے لائن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا جب کہ جائے وقوع سے تین پسٹل، گولیاں اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔

پاکستان کو ایک دہائی سے زائد عرصے سے دہشت گردی و انتہا پسندی کا سامنا رہا ہے۔ 2014ء میں سکیورٹی فورسز کی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کی وجہ سے گزشتہ سال امن و امان کی صورتحال میں خاصی بہتری دیکھی گئی لیکن رواں سال کے اوائل سے ہی ایک بار پھر دہشت گردی کے واقعات تیزی سے رونما ہونا شروع ہو گئے۔

ملک کی سیاسی و عسکری قیادت اس عزم کا اعادہ کرتی آرہی ہے کہ ملک سے دہشت گردی و انتہا پسندی کے مکمل خاتمے تک شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

XS
SM
MD
LG