رسائی کے لنکس

پاکستان میں پولیس اصلاحات ناگزیر: رپورٹ


پنجاب پولیس کے اہلکار کھاریاں میں فوجی تنصیب پر مشق کرتے ہوئے۔ (فائل فوٹو)
پنجاب پولیس کے اہلکار کھاریاں میں فوجی تنصیب پر مشق کرتے ہوئے۔ (فائل فوٹو)

پولیس کی استعداد میں اضافے کا براہ راست اثر دہشت گردی کے انسداد پر پڑے گا، اس لیے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی تربیت اور تکنیکی معاونت میں اضافہ کرنا چاہیئے۔

پاکستان میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران جرائم کی بدلتی ہوئی نوعیت خاص طور پر دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے پولیس کی جدید خطوط پر تربیت اور استعداد کار بڑھانے پر زور دیا جاتا رہا ہے۔

امریکہ میں قائم ایشیا سوسائٹی نامی ایک غیر سرکاری تنظیم نے پاکستان کے محکمہ پولیس پر اپنی تازہ ترین جائزہ رپورٹ تیار کی ہے جس کا اجراء 25 جولائی کو کیا جائے گا۔

تنظیم کے پاکستان میں پولیس اصلاحات سے متعلق غیر جانبدار کمیشن کی رپورٹ کے قبل از وقت جاری کیے گئے اقتباسات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تشکیل نو تاحال پالیسی سازوں کی ترجیحات کا حصہ نہیں بن سکی ہے۔

’’ایک مؤثر اور فعال پولیس کا محکمہ اس وقت اور مستقبل میں پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کے لیے ناگزیر ہے۔‘‘
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:55 0:00

آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں محکمہ پولیس کی ترجمان نبیلہ غضنفر نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ پولیس کو درپیش مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

’’پولیس کو جرائم پیشہ عناصر سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ سب سے بڑا چینلج دہشت گردی سے نمٹنے کا ہے۔ اس (دہشت گردی) سے نمٹنے کے لیے بہت ساری اصلاحات کی جا رہی ہیں۔‘‘
(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

نبیلہ غضنفر کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں انسداد دہشت گردی فورس کا علیحدہ شعبہ بھی بنایا گیا ہے جسے جدید اسلحے سے لیس کیا جا رہا ہے جب کہ تحقیقاتی عمل کو موثر بنانے کے لیے بھی افسران کو خصوصی تربیت دی جا رہی ہے۔

ایشیا سوسائٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں میں تعاون کے لیے بین الاقوامی امداد کا بیشتر حصہ فوج کو مل رہا ہے۔

’’چونکہ پولیس کی استعداد میں اضافے کا براہ راست اثر دہشت گردی کے انسداد پر پڑے گا، اس لیے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں (کے اہلکاروں) کی تربیت اور تکنیکی معاونت میں اضافہ کرنا چاہیئے۔‘‘
ایک مؤثر اور فعال پولیس کا محکمہ اس وقت اور مستقبل میں پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کے لیے ناگزیر ہے۔
ایشیا سوسائٹی رپورٹ


رپورٹ میں محکمہ پولیس کو سیاسی اثر سے آزاد بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس کے بغیر اصلاحات موثر ثابت نہیں ہوں گی۔

دیگر سفارشات میں پولیس میں ماہر تفتیش کاروں کی تعیناتی پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ گرفتار کیے گئے ملزمان سے جدید خطوط کے مطابق تحقیقات کرکے ان کے خلاف قائم مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔

ملک کے چاروں صوبائی پولیس سربراہان یہ بیانات دیتے آئے ہیں کہ اہلکاروں اور افسران کی تربیت کے خصوصی منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ خطرات سے نمٹا جا سکے۔

پنجاب پولیس کے انسپکٹر جنرل نے محکمے کے اہلکاروں کو چاق و چوبند بنانے کے لیے انھیں وزن کم کرنے کے احکامات بھی جاری کر رکھے ہیں اور زائد الوزن بڑی توند والے 250 اہلکاروں کو عملی فرائض کی انجام دہی سے بھی ہٹا دیا گیا ہے۔
XS
SM
MD
LG