رسائی کے لنکس

عمران خان نے اپنے اثاثے ظاہر کر دیے


پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان
پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان

پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنے تمام اثاثے ظاہر کرتے ہوئے ملک کے دیگر سیاست دانوں سے بھی ایسا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں اتوار کو پارٹی اجلاس کے بعد ایک نیوز کانفرنس میں اپنے اثاثوں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے اُنھوں نے واضح کیا کہ یہ تمام اثاثے اُن کے اپنے نام اور ملک میں ہی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ان کی جماعت پی ٹی آئی کے ارکان بھی اپنے اثاثے ظاہر کرنے جا رہے ہیں اور وہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین بھی اپنی دولت اور اثاثوں کی درست معلومات سے پاکستانی عوام کو آگاہ کریں۔

اُن کا کہنا تھا کہ احتساب کا جو عمل اُنھوں نے اپنی جماعت سے شروع کیا ہے وہ اسے قومی سطح پر بھی آگے لے کر چلنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔

عمران خان نے متنبہ کیا کہ اگر دوسری سیاسی جماعتوں کے قائدین نے اپنے اثاثے ظاہر نہ کیا تو تحریکِ انصاف ان کے خلاف ملک گیرعوامی مہم چلائے گی۔

’’زیادہ تر سیاسی قیادت اپنے اثاثے چھپا رہی ہے۔ ہم اس پر پھر کوئی بھی قدم اٹھا سکتے ہیں حکومت پھر ہمیں یہ نہ کہے کہ غیر جمہوری ہے ہم عوام میں جا سکتے ہیں ہم ہڑتال کا اعلان کر سکتے ہیں، سول نافرنی کی مہم چلا سکتے ہیں، ہم مظاہرے کر سکتے ہیں۔‘‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے اراکین کی جانب سے اثاثے ظاہر نہ کرنے کے باعث بدعنوانی کے خاتمے کی کوششیں غیر موثر ثابت ہوئی ہیں اور جب تک کرپشن ختم نہیں ہوتی پاکستان میں غربت کا خاتمہ ممکن نہیں۔

عمران خان نے نیوز کانفرنس میں اس تاثر کی نفی کی کہ ان کی جماعت کو ملک کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے مالی مدد مل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ بات ثابت ہو گئی تو وہ سیاست چھوڑنے کو تیار ہیں۔

پاکستان میں حالیہ برسوں میں سرکاری اداروں میں بدعنوانی میں اضافے کے خلاف عمران خان طویل عرصے سے مہم چلا رہے ہیں لیکن سیاسی مخالفین اثاثے ظاہر کرنے کے ان کے مطالبات کو کم علمی قرار دے کر مسترد کرتے آئے ہیں۔

قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد میں اتوار کو ایک جوابی پریس کانفرنس میں عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ انھوں نے آدھی زندگی ٹیکس ادا نہیں کیا ہے اور ان کی الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی اثاثوں کی تفصیلات بھی متنازعہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان نے جو اثاثے ظاہر کیے ہیں وہ اتنے نہیں ہیں کہ اس سے سیاسی جماعت چلائی جا سکے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ ان کی جماعت کا مطالبہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین کے اثاثوں کی غیر جانبدارانہ چھان بین کرائی جائیں۔

‘‘ جو جو جماعتیں ہیں اس وقت جو حقیقی شفافیت سے نظام کو چلانا چاہتی ہیں سپریم کورٹ سے درخواست کریں کہ وہ ایک خصوصی بینچ یا ٹربیونل بنائے جو تمام پارٹی لیڈر کے اثاثہ جات کی چھان بین کرے ’’۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جان بوجھ کر مسلم لیگ (ن) کی قیادت کونشانہ بنایا ہے۔ جبکہ ان کی جماعت احتساب کے حق میں ہے اور ساڑھے تین سال سے قومی اسمبلی میں احتساب کا قانون منظور کروانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG