رسائی کے لنکس

’قبل از وقت انتخابات میں کوئی حرج نہیں‘


’قبل از وقت انتخابات میں کوئی حرج نہیں‘
’قبل از وقت انتخابات میں کوئی حرج نہیں‘

پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جمہوریت کے فروغ کے لیے موجودہ حکومت کا اپنی آئینی مدت پوری کرنا ضروری ہے لیکن ضرورت پڑنے پر قبل از وقت انتخابات بھی کرائے جا سکتے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے یہ بیان ایسے وقت دیا ہے جب اطلاعات کے مطابق حکمران جماعت کے بعض رہنماؤں نے عام انتخابات کے رواں سال انعقاد کا عندیہ دیا ہے۔

جمعہ کو وائس آف امریکہ سے گفتگو میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ عوام نے پیپلز پارٹی کو پانچ سال کا مینڈیٹ دے رکھا ہے اور اُن کے خیال میں ملک کے موجودہ حالات قبل از وقت انتخابات کا تقاضہ نہیں کر رہے۔

’’پاکستان کی پارلیمان، جمہوریت کے لیے ضروری ہے کہ عوام کے دیے ہوئے مینڈیٹ کے تحت مدت پوری کی جائے، لیکن اگر حکومت ضروری سمجھتی ہے یا عوامی مطالبہ ہوتا ہے تو اس سے پہلے بھی انتخابات کرانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔‘‘

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی انتخابات سے نہیں گھبراتی کیوں کہ وہ صرف عوام کی حمایت سے اقتدار میں آنے پر یقین رکھتی ہے۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت جمعرات کو اسلام آباد میں حکمران جماعت کے اہم رہنماؤں اور بعض وفاقی وزراء کا اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میں ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے حامیوں کو متحرک کرنے کے لیے عوامی جلسوں کا سلسلہ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس کے بعد جاری ہونے والے سرکاری بیان میں بتایا گیا کہ حالیہ ہفتوں میں پارلیمان کے بعض اراکین کے مستعفی ہونے کی وجہ سے خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے۔

مقامی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی اجلاس کی تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے قائدین نے فیصلہ کیا کہ سینیٹ کے انتخابات مارچ کی بجائے فروری کے وسط میں کرائے جائیں گے۔ تاہم حکومت کی طرف سے اس پر کوئی باضابطہ تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

مبصرین کے خیال میں سینیٹ کے انتخابات قبل از وقت کرانے کا مقصد ایوان بالا میں حکمران جماعت کی پوزیشن مستحکم کرنا ہے۔

XS
SM
MD
LG