رسائی کے لنکس

ماروی میمن کے تحریک انصاف میں شمولیت کے اشارے


ماروی میمن کے تحریک انصاف میں شمولیت کے اشارے
ماروی میمن کے تحریک انصاف میں شمولیت کے اشارے

اگرچہ وہ یہ کہہ چکی ہیں کہ انھوں نے ابھی ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا، تاہم اُن کے ایک قریبی ساتھی کا کہنا ہے کہ اُن کے اور پی ٹی آئی کے سربراہ کے درمیان’ اِس حوالے سے مذاکرات جاری ہیں‘

اِن دنوں ملک بھر میں مختلف سیاسی رہنماوٴں کی جانب سے ایک پارٹی سے دوسری پارٹی میں شمولیت کا’رجحان‘ زور پکڑے ہوئے ہے۔ پچھلے ایک ماہ سے جس پارٹی میں سب سے زیادہ لوگوں نے شمولیت اختیار کی ہے وہ ہے سابق کرکٹ کھلاڑی عمران خان کی تحریک انصاف۔

گزشتہ ہفتے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد اب صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والی سیاسی شخصیت ماروی میمن کےتحریک انصاف میں شمولیت کے اشارے مل رہے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ق کی راہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی ماروی میمن اگرچہ یہ کہہ چکی ہیں کہ انہوں نے ابھی تک پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ نہیں کیاہے، تاہم ان کے ایک قریبی ساتھی نے وائس آف امریکہ کے نمائندے کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’ماروی میمن اور پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے درمیان اس حوالے سے مذاکرات جاری ہیں‘ ۔اِس ذریعے کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے کئی دور ہوچکے ہیں ’اور کوئی بعید نہیں‘ کہ آئندہ چند روز میں ماروی میمن بھی تحریک انصاف میں ’شامل ہوجائیں‘۔

ماروی میمن نے رواں سال جون میں اختلافات کے باعث قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ماروی گزشتہ ہفتے گھوٹکی میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں بھی شریک تھیں، لیکن وہ دانستہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے ساتھ اسٹیج پر نظرنہیں آئیں۔

گزشتہ روز ماروی میمن نے ایک اخباری بیان میں کہا تھا کہ وہ صوبائی سطح پر اپنے ہم خیال لوگوں سے مشاورت کررہی ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں سیٹ کی پروا نہیں ، وہ پہلی رکن قومی اسمبلی ہیں جنہوں نے اختلافات کےباعث سب سے پہلے استعفیٰ دیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی نظر میں پہلی ترجیح عوامی مسائل کا حل ہے۔

نمائندے کو موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز کی جانب سےبھی انہیں شمولیت کی دعوت مل چکی ہے۔ تاہم، اس حوالے سے بقول ان کے ،انہوں نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ لیکن اس قسم کےاشارے مل رہے ہیں کہ ماروی میمن کا جھکاوٴ عمران خان کی پارٹی کی جانب ہے کیوں کہ پاکستان تحریک انصاف کے اب تک ہونے والے تقریباً تمام اجلاسوں میں ان کی موجودگی یقینی رہی ہے، خواہ یہ اجلاس لاہو ر میں ہوئے ہوں یا پشاور میں۔

ماروی میمن سنہ 2002ء میں پنجاب کے لئے مختص کردہ نشست سے منتخب ہوئی تھیں، تاہم وہ حکمراں جماعت پر مختلف معاملات کے حوالے سے کڑی تنقید کرتی رہی ہیں ۔

XS
SM
MD
LG