رسائی کے لنکس

نگران وزیرِ اعظم کے لیے مسلم لیگ (ن) کی فہرست تیار


چودھری نثار علی خان
چودھری نثار علی خان

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نے بتایا کہ فہرست میں سابق جج صاحبان اور سرکاری عہدے داروں کے علاوہ سینیئر وکلاء کے نام شامل ہیں۔

پاکستان میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) نے آئندہ عام انتخابات سے قبل نگران وزیرِ اعظم کی نامزدگی کے لیے مجوزہ شخصیات کی فہرست ترتیب دینے کا اعلان کیا ہے۔

پارلیمان کے ایوانِ زیریں یعنی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نے اسلام آباد میں منگل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فہرست میں سابق جج صاحبان اور سرکاری عہدے داروں کے علاوہ سینیئر وکلاء شامل ہیں۔ تاہم اُنھوں نے کسی شخصیت کا نام بتانے سے گریز کیا۔

آئین میں رواں سال کی گئی بیسویں ترمیم کے تحت قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے تین روز کے اندر قائدِ ایوان یعنی وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کے درمیان اتفاق رائے کے بعد نگران وزیراعظم کی تقرری کی جائے گی۔

عدم اتفاق کی صورت میں حکومتی اور اپوزیشن کے چار، چار اراکین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو متفقہ ناموں کی سفارش کرے گی، اور اگر یہ کمیٹی بھی ناکام ہوئی تو الیکشن کمیشن حتمی فیصلہ کرکے مجوزہ نام صدر کو بھیجے گا۔
XS
SM
MD
LG