رسائی کے لنکس

حزب اختلاف کی جماعتوں کا ’بلاتاخیر انتخابات‘ کے اعلان کا مطالبہ


نواز شریف (فائل فوٹو)
نواز شریف (فائل فوٹو)

نواز شریف کی طرف سے مدعو کیے گئے سیاسی رہنماؤں کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ مرکز اور صوبوں میں نگران حکومتوں کے قیام کی مشاورت کا دائرہ وسیع کیا جائے اور تمام قومی معاملات آئین کے مطابق طے کیے جانے چاہیں۔

پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے الیکشن کمیشن پر اعتماد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بلا تاخیر عام انتخابات کے انعقاد کا ’جامع اور دو ٹوک‘ اعلان کرے۔

لاہور میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف نے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر مشاورت کے لیے مدعو کیا تھا جس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔

نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ جمہوریت کو پٹڑی سے نہیں اترنے دیا جائے گا۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ مرکز اور صوبوں میں نگران حکومتوں کے قیام کی مشاورت کا دائرہ وسیع کیا جائے اور تمام قومی معاملات آئین کے مطابق طے کیے جانے چاہیں۔

ملک میں مرکزی اور صوبائی اسمبلیاں اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرنے جارہی ہیں اور آئندہ عام انتخابات متوقع طور مئی میں منعقد ہونا ہیں۔ لیکن تحریک منہاج القرآن کے سربراہ طاہر القادری نے ہزاروں افراد سمیت وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ دو روز سے دھرنا دے رکھا ہے۔

طاہر القادری نے انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کی تحلیل سمیت متعدد مطالبات کررکھے ہیں جسے حکومت اور دیگر سیاسی جماعتیں غیر آئینی قرار دے کر مسترد کرچکی ہیں۔
XS
SM
MD
LG