رسائی کے لنکس

وزیراعظم ہاؤس کی جانب جانے کا فیصلہ ’عمران خان کا تھا، پارٹی کا نہیں‘


جاوید ہاشمی (فائل فوٹو)
جاوید ہاشمی (فائل فوٹو)

جاوید ہاشمی نے کہا کہ پارٹی کا فیصلہ تھا کہ ’پریڈ گراؤنڈ‘ سے آگے نہیں بڑھیں گے اور عمران خان نے بھی اس کی توثیق کی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی نے اتوار کو اسلام آباد میں ایک ہنگامی نیوز کانفرنس میں کہا کہ اُن کی جماعت کے چیئرمین عمران خان نے جماعت کی قیادت کو یقین دلایا تھا کہ وہ وزیراعظم ہاؤس کی جانب پیش قدمی نہیں کریں گے۔

اُنھوں نے کہا کہ پارٹی کا فیصلہ تھا کہ ’پریڈ گراؤنڈ‘ سے آگے نہیں بڑھیں گے اور عمران خان نے بھی اس کی توثیق کی ہے۔

’’اپنی پارٹی کے کیے ہوئے فیصلے کا احترام کریں یہ اُنھی کا فیصلہ ہے۔‘‘

جاوید ہاشمی نے بقول اُنھوں نے عمران خان سے کہا ہے کہ اگر وہ واپس پریڈ گراؤنڈ آ جائیں تو وہ اُن کے ساتھ کھڑا رہنے کے لیے تیار ہیں۔

’’پارلیمنٹ پر چڑھائی کیسے کروں، میں آپ کے ساتھ آنے کو تیار ہوں۔‘‘

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے بغاوت نہیں کی اور یہ اُن کا تنہا فیصلہ نہیں تھا بلکہ جماعت نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا تھا کہ مزید آگے نہیں بڑھا جائے گا۔

تحریک انصاف کے رہنما جاوید ہاشمی نے حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ طاقت کا استعمال فوری طور پر بند کیا جائے۔

لیکن تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے ایک بیان میں کہا کہ جماعت کی تمام قیادت عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔

XS
SM
MD
LG