رسائی کے لنکس

حقیقی اپوزیشن کا کردار وہی لوگ ادا کریں گے جنہوں نے ووٹ دیے ہیں، عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید اور نواز لیگ کے صدیق الفاروق کی وائس آف امریکہ سے گفتگو

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نئی کابینہ میں پرانے آزمائے ہوئے چہرے شامل ہیں اور ان کے ساتھ زیادہ توقعات وابستہ نہیں کی جا سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو کافی گھمبیر مسائل کا سامنا ہے اور دعا ہی کی جا سکتی ہے کہ نئی ٹیم ان مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہو۔

اپوزیشن بنچوں پر بیٹھے شیخ رشید احمد نے وائس آف امریکہ کے ریڈیو پروگرام ان دا نیوز میں اس سوال کے جواب میں کہ کیا نئی کابینہ کی تشکیل میں ’’رائٹ پیپل فار دا رائٹ جاب‘‘ کے اصول کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے؟ کہا کہ ’’ نارمل پیپل فار ویری ایکسلوسو جاب‘‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی عددی قوت اتنی نہیں کہ وہ حزب اختلاف کے بنچوں کی قیادت کر سکے تاہم ان کے الفاظ میں اصل اپوزیشن وہ ووٹر ہوں گے جنہوں نے حکومت کو ووٹ دیے ہیں کیونکہ حالات بہت سنگین ہیں ان کی توقعات بہت زیادہ ہیں اور حالات اور صلاحیت حکومت کے حق میں نہیں ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف بھلے وزارت خارجہ اپنے پاس رکھیں، ملک کی خارجہ پالیسی وہی رہے گی جو سابق صدر مشرف اور صدر زرداری کے دور میں تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وزارت دفاع کچھ سوچ سمجھ کر اپنے پاس رکھی ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ نواز کے ایک راہنما صدیق الفاروق نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے بہت سوچ سمجھ کر کابینہ کا انتخاب کیا ہے اور ابھی تک جن وزراء نے حلف اٹھایا ہے وہ اپنے اپنے شعبوں میں خاصا تجربہ رکھتے ہیں اور ان کی انتظامی صلاحیتوں سے ہر ایک واقف ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز لیگ نے ملک میں انرجی کے بحران سمیت مختلف مسائل پر پہلے سے پیپر ورک کر رکھا ہے۔

اس سوال پر کہ نواز لیگ کے لیے مشکلات کے دنوں میں مختلف فورمز پر پارٹی کا دفاع کرتے نظر آنے والے صدیق الفاروق نئی انتظامیہ میں کہاں نظر آئیں گے تو انہوں نے کہا کہ وہ ان لوگوں میں سے نہیں جو کوئی عہدہ نہ ملنے پر پارٹی کو برا بھلا کہنا شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کی قیادت نے آگے چل کر سمجھا کہ صدیق الفاروق کسی شعبے میں ملک اور قوم کے لیے بہتر خدمات انجام دے سکتا ہے تو وہ انہیں موقع ضرور دے گی۔

تبصرے دکھائیں

XS
SM
MD
LG