رسائی کے لنکس

کئی گھنٹوں بعد سندھ اور بلوچستان میں بجلی کی فراہمی بحال


کراچی کے 80 فیصد علاقوں میں رات تین بجے سے بجلی بند ہوگئی جسے ہفتہ کی دوپہر بحال کیا جاسکا۔

پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی سمیت سندھ اور جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں کئی گھنٹوں کے بعد بجلی جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔

ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب نیشنل گرڈ اسٹیشن سے 500 کے وی کی گدو-دادو ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے سے رات تین بجے کے بعد سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

کراچی میں ڈیفنس، کلفٹن، بن قاسم ٹاؤن، نیو کراچی، کورنگی، لانڈھی، ناظم آباد، نرسی، گلستان جوہر اور گلشن اقبال سمیت کئی علاقوں میں بجلی کئی گھنٹوں تک بند رہی۔

کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی 'کراچی الیکٹرک کے مطابق کمپنی نے اس ہائی وولٹیج لائن سے اپنے سسٹم کو علیحدہ کر کے اپنے پیداواری یونٹس سے بجلی کی فراہمی شروع کرنے کے لیے انتظامات کر لیے ہیں۔

سندھ کے شہروں حیدرآباد، سکھر،نوابشاہ، لاڑکانہ، دادو، خیرپور، سانگھڑ، بدین اور کشمور سمیت کئی علاقوں میں بھی رات تین بجے کے بعد سے بجلی دستیاب نہیں تھی جب کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی صورتحال ایسی ہی رہی۔

رواں ماہ کے اوائل میں ایسی ہی فنی خرابی کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ ملک کے شمال مغربی صوبہ خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں کئی گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہی تھی۔

XS
SM
MD
LG