رسائی کے لنکس

طالبان سے حالیہ مذاکرات پر نواز شریف اور صدر غنی کا تبادلہ خیال


افغان صدر غنی اور پاکستانی وزیراعظم شریف
افغان صدر غنی اور پاکستانی وزیراعظم شریف

پاکستانی وزیراعظم اور افغان صدر نے رواں ہفتے پاکستان میں افغان حکومت اور طالبان کے نمائندوں کے مابین پہلی براہ راست ملاقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے روس کے شہر اوفا میں ہیں جہاں ان کی مختلف ملکوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔

جمعہ کو اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے علاوہ وہ افغانستان کے صدر اشرف غنی سے بھی ملے۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف نے افغانستان کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلقات کے فروغ کے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے رواں ہفتے پاکستان میں افغان حکومت اور طالبان کے نمائندوں کے مابین پہلی براہ راست ملاقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

افغان صدر نے اس ضمن میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ اس سے ان کے ملک میں دیرپا امن اور استحکام کی راہ ہموار ہو گی۔

منگل کو یہ تحریک طالبان افغانستان اور افغان حکومت کے نمائندوں کے مابین پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد کے قریب سیاحتی مقام مری میں بات چیت ہوئی تھی جس میں امریکہ اور چین کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

پاکستان کے وزیراعظم اور افغان صدر کی ملاقات میں دہشت گردی و انتہا پسندی سے نمٹنے کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

دریں اثناء اوفا میں پاکستانی وزیراعظم کی چین کے صدر شی جنپنگ سے بھی ملاقات ہوئی۔

پاکستانی وزیراعظم اور چینی صدر شی جنپنگ
پاکستانی وزیراعظم اور چینی صدر شی جنپنگ

سرکاری میڈیا کے مطابق چینی صدر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات چین کے ایجنڈے میں بہت اہم مقام پر ہیں جب کہ پاکستانی وزیراعظم نے چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ترین جز ہے۔

وزیراعظم شریف نے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی راہدری منصوبے میں چینی رہنماؤں کی خاص دلچپسی اور ذاتی عزم کو سراہا۔

دونوں ملکوں کے درمیان اربوں ڈالر کے اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت چین کے شہر کاشغر سے پاکستان کے جنوب مغربی ساحلی شہر گوادر تک مواصلات، صنعتوں، بنیادی ڈھانچے اور مختلف منصوبوں کا ایک جال بچھایا جا رہا ہے۔

حکام کے بقول یہ منصوبہ پاکستان کے علاوہ پورے خطے کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

XS
SM
MD
LG