رسائی کے لنکس

نجی ائیر لائنز کے طیاروں کے تفصیلی معائنے کا عمل مکمل


پاکستان میں حکومت نے فضائی سفر کو محفوظ بنانے اور مسافروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ازسرے نو تمام نجی کمپنیوں کے طیاروں کے تفصیلی معائنے کا حکم دیا تھا۔

پاکستان کے شہری ہوا بازی کے ادارے (سول ایوی ایشن اتھارٹی ) نے نجی ائیر لائنز کے حوالے سے مسافروں کے تحفظات دور کرنے اور محفوظ فضائی سفر کی یقین دہانی کے لیے نجی ائیر کے زیرانتظام چلنے والے تمام مسافر طیاروں کے تکنیکی معائنے کا عمل شروع کیا تھا جسے مکمل کر کے نجی کمپنیوں کو پروازوں کی اجازت دے دیدی گئی ہے۔

اسلام آباد کے ہوائی اڈے کے قریب 20 اپریل کو ایک نجی فضائی کمپنی ’بھوجا ائیر‘ کے طیارے کو پیش آنے والے مہلک حادثے، کراچی اور لاہور ائیر پورٹ پر نجی ائیر لائنز کے طیاروں کو پیش آنے والے یکے بعد دیگرے حادثات کے بعد حکومت نے فضائی سفر کو محفوظ بنانے اور مسافروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ازسرے نو تمام نجی کمپنیوں کے طیاروں کے تفصیلی معائنے کا حکم دیا تھا۔

اسلام آباد ہوائی اڈے کے قریب گرنے والا بھوجا ائیر کے طیارے کا مبلہ (فائل فوٹو)
اسلام آباد ہوائی اڈے کے قریب گرنے والا بھوجا ائیر کے طیارے کا مبلہ (فائل فوٹو)


سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان پرویز جارج نے اتوار کو وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تکنیکی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ ‘‘اس کے فوراً (حادثے) بعد خاص کر بھوجا اور جتنی بھی پاکستان میں پرائیوٹ ائیر لائنز ہیں تمام کے مکمل معائنے کا حکم دیا گیا تھا اور وہ اب مکمل کر لیا گیا ہے۔’’

ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ ماہ وفاقی دارالحکومت کے قریب گر کر تباہ ہونے والے بوئنگ 737 کی تحقیقات ابھی جاری ہیں جس میں 127 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

‘‘یہ جو حادثہ ہوا ہے اس کی باقاعدہ تحقیقات ہو رہی ہیں اور جیسے ہی تحقیقات کے نتائج سامنے آئیں گے تو پتہ چلے گا کہ حادثے کی کیا وجوہات تھیں۔’’

بھوجا ائیر کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے سے قبل جولائی 2010ء میں نجی فضائی کمپنی ائیر بلیو کا کراچی سے اسلام آباد آنے والے جہاز مارگلہ کی پہاڑیوں سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا تھا۔ جس میں سوار 152 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ بھوجا ائیر اور ائیر بلیو کے مسافر طیاروں کو پیش آنے والے ان حادثات کے وقت دارالحکومت میں موسم انتہائی خراب تھا۔ تاہم ائیر بلیو حادثے کی تحقییقاتی رپورٹ کے مطابق ائیر ٹریفک کنٹرول اور پائلٹ کے درمیان رابطوں میں ابہام بھی حادثے کا سبب بنا۔

پاکستان میں سرکاری فضائی کمپنی پی آئی اے کےعلاوہ بھوجا ائیر، ائیر بلیو اور شاہین ائیر کام کر رہی ہیں اور ملک میں گزشتہ دوسال کے دوران مسافر طیاروں کو پیش آنے والے تین فضائی حادثات میں تقریبا تین سو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG