رسائی کے لنکس

چاروں صوبائی الیکشن کمشنر مستعفی نہ ہوئے تو دھرنا دیں گے: عمران خان


عمران خان (فائل فوٹو)
عمران خان (فائل فوٹو)

حزب مخالف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے بھی یہ بیان سامنے آیا ہے کہ اگر الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان مستعفی نہ ہوئے تو وہ ضمنی انتخابات سے اپنے امیدوار دستبردار کر لے گی۔

حزب مخالف کی ایک بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی الیکشن کمشنر چار اکتوبر تک مستعفی ہو جائیں بصورت دیگر ان کے کارکن اسلام آباد میں کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے اور اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ گزشتہ عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے عدالتی کمیشن نے انتخابات میں جن بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ہے اس کے ذمہ دار اس کے بقول چاروں صوبوں میں الیکشن کمیشن کے سربراہان ہیں لہذا انھیں یہ منصب چھوڑ دینا چاہیے۔

ہفتہ کو لاہور میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے اپنی جماعت کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان چار ارکان کے ہوتے ہوئے انتخابات شفاف نہیں ہو سکتے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وہ ایک خودمختار ادارہ ہے اور اس کے ارکان کو ان کی آئینی مدت پوری ہونے تک نہیں ہٹایا جا سکتا ہے۔

رواں ماہ الیکشن ٹربیونلز کی طرف سے گزشتہ عام انتخابات میں دو مختلف حلقوں میں پی ٹی آئی کی طرف سے دائر کی گئی شکایات کا فیصلہ سنایا گیا جس کے تحت لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 اور لودھراں سے این اے 154 کے انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے یہاں دوبارہ انتخاب کروانے کا کہا گیا تھا۔

این اے 122 سے مسلم لیگ ن کے ایاز صادق کامیاب ہوئے تھے جب کہ 154 سے آزاد حیثیت میں فتحیاب ہونے والے صدیق خان بلوچ نے بعد میں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔

عمران خان نے ہفتہ کو اعلان کیا کہ لاہور کے حلقے سے ضمنی انتخاب میں علیم خان میدان میں ہوں گے جب کہ لودھراں میں جہانگیر ترین ہی دوبارہ انتخاب لڑیں گے۔

مسلم لیگ ن بھی اعلان کر چکی ہے کہ وہ الیکشن ٹربیونلز کے فیصلے پر تحفظات کے باوجود عدالت عظمیٰ سے رجوع کرنے کی بجائے ضمنی انتخاب میں حصہ لے گی۔

ادھر مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حزب مخالف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے بھی یہ بیان سامنے آیا ہے کہ اگر الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان مستعفی نہ ہوئے تو وہ ضمنی انتخابات سے اپنے امیدوار دستبردار کر لے گی۔

XS
SM
MD
LG