رسائی کے لنکس

پنچاب کے نئے گورنر مخدوم احمد محمود۔۔۔ ایک تعارف


مخدوم احمد محمود گورنر پنجاب (فائل)
مخدوم احمد محمود گورنر پنجاب (فائل)

مخدوم احمد محمود 1990ء سے مسلسل تین مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے جبکہ 2001ء سے 2005ء تک انہیں رحیم یار خان کے ضلعی ناظم ہونے کا بھی اعزاز حاصل رہا۔2008ء کے انتخابات میں وہ پنجاب اسمبلی کے رکن بنے۔


مخدوم احمد محمود نے پاکستان کے سب سے بڑی آبادی والے صوبے پنجاب کے نئے گورنر کی حیثیت سے ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ میں ان کے حوالے سے بتایاجارہا ہے کہ مخدوم احمد محمود ان چند سیاستدانوں میں سے ایک ہیں جو ذاتی طیارے میں سفر کرتے ہیں ، جبکہ وہ ملکہ الزبتھ کو اپنی ذاتی گاڑی میں سیر کرانے کا بھی اعزاز رکھتے ہیں۔

خاندانی پس منظر
نئے گورنر 12 ستمبر 1961ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد مخدوم زادہ حسن محمود سابق ریاست بہاولپور کے وزیر اعلیٰ تھے۔ مخدوم احمد محمود کا سیاسی خانوادے سے تعلق ہے۔ وہ سابق ریاست بہاولپور کی درگاہ جمال دین والی کی ممتاز شخصیت مخدوم الملک غلام میراں شاہ کے پوتے ہیں۔ ان کے چار بچے ہیں۔

سیاسی پس منظر
مخدوم احمد محمود کا نام پنجاب کی سیاست میں نیا نہیں ہے ۔ سن 1986ء میں جب سابق فوجی صدر جنرل ضیاء الحق کے غیرجماعتی انتخابات میں مخدوم احمد محمود کامیاب صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ، اور وہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے وزیر رہے ۔

مخدوم احمد محمود 1990ء سے مسلسل تین مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے جبکہ 2001ء سے 2005ء تک انہیں رحیم یار خان کے ضلعی ناظم ہونے کا بھی اعزاز حاصل رہا۔2008ء کے انتخابات میں وہ پنجاب اسمبلی کے رکن بنے۔

پاکستان کے نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کا کہنا ہے کہ مخدوم احمد محمود ان چند سیاستدانوں میں شامل ہیں جو ذاتی طیارے میں سفر کرتے ہیں جبکہ روزنامہ جنگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ملکہ الزبتھ اپنے دورہ پاکستان میں مخدوم احمد محمود کی گاڑی میں سفر کرچکی ہیں۔

برطانوی ملکہ ایلزبتھ دوم 6 سے 12 اکتوبر 1997ء تک پاکستان دورے پر رہیں ۔اس موقع پر انہوں نے جس تاریخی سیاہ رنگ کی رولز رائس ایل ایکس کیو دو دو صفر صفر، کار میں لاہورکی سڑکوں پر سفرکیا تھا وہ کار اب بھی پنجاب کے 51سالہ نومنتخب گورنر مخدوم سید احمد محمودکی ملکیت ہے۔

’تاریخی ا ورکلاسک کار کلب‘ پاکستان کے مطابق سابق وزیر مملکت مخدوم احمد محمود کی 1948ء کی کلاسک رولز رائس جو ”سلور ریتھ“ بھی کہلاتی ہے، ایک زمانے میں آئر لینڈ، برازیل، ہالینڈاور ڈنمارک سمیت کئی ممالک میں صدارتی یاریاستی کارکے طور پر استعمال ہوتی تھی۔

سیاسی رشتے داریاں
مخدوم احمد محمود کی پاکستان کی سیاست میں اہم ترین کردار اداکرنے والی شخصیات سے قریبی رشتے داریاں ہیں۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی المعروف پیر پگارا ان کے قریبی عزیز ہیں، جبکہ سابق وفاقی وزیر صحت تسنیم نواز گردیزی ان کے پھوپھی زاد بھائی ہیں۔ان کے علاوہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیرترین، مخدوم احمد محمود کے بہنوئی ہیں۔ سابق صدر فاروق لغاری بھی ان کے قریبی رشتہ داروں میں شامل رہے ہیں۔ان کے والد حسن محمود پیر پگارا سید مردان علی شاہ دوم کے برادر نسبتی تھے۔
XS
SM
MD
LG