رسائی کے لنکس

کوئٹہ بم دھماکے میں کم ازکم تین ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس کے مطابق بم دھماکہ کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر ہوا جہاں سائیکل میں نصب بارودی مواد میں ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کیا گیا۔

پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بدھ کی شام ایک بم دھماکے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق بم دھماکہ کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر ہوا جہاں سائیکل میں نصب بارودی مواد میں ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کیا گیا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق اس بم دھماکے میں لگ بھگ سات کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ باقی نے اسپتال میں دم توڑا۔ زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

دھماکے سے قریب کھڑی کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس سے اُن میں نصب گیس سلنڈر بھی پھٹ گئے اور کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

کوئٹہ میں حالیہ مہینوں میں اگرچہ دہشت گرد حملوں میں کمی آئی ہے تاہم اب بھی شدت پسندوں کی کارروائیوں پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔

بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے حال ہی میں وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا تھا کہ صوبائی حکومت کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جامع حکمت عملی وضع کر رہی ہے۔

دریں اثناء 24 ستمبر کو بلوچستان میں آنے والے زلزلے سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے آواران میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوج کی ایک ٹیم کے رہائشی کمپاؤنڈ پر نامعلوم افراد نے راکٹ داغے تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

زلزلہ زدگان کی بحالی میں مصروف ٹیموں بشمول فوجی اہلکاروں پر اس سے قبل بھی شدت پسند حملے کر چکے ہیں جس سے امدادی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔
XS
SM
MD
LG