رسائی کے لنکس

مودی کا بیان 'غیر ذمہ دارانہ' ہے: چوہدری نثار


چودھری نثار
چودھری نثار

ایک بیان میں چوہدری نثار نے کہا کہ نریندر مودی کو پہلے اس بات کا فیصلہ کر لینا چاہیئے کہ داؤد ابراہیم کہاں ہے اور پھر اس کے بعد ''پاکستان پر حملے کا خواب دیکھنا چاہیئے۔''

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پڑوسی ملک بھارت کی ایک بڑی سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے پاکستان سے متعلق بیان کو 'اشتعال انگیز' قرار دیا ہے۔

چوہدری نثار نے نریندر مودی کے اُس بیان کو 'غیر ذمہ دارانہ اور شرمناک' قرار دیا ہے جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اس رہنما نے کہا تھا کہ وہ منتخب ہونے کے بعد داؤد ابراہیم کو پاکستان سے ڈھونڈ نکالیں گے۔

ایک بیان میں چوہدری نثار نے کہا کہ نریندر مودی کو پہلے اس بات کا فیصلہ کر لینا چاہیئے کہ داؤد ابراہیم کہاں ہے اور پھر اس کے بعد ''پاکستان پر حملے کا خواب دیکھنا چاہیئے۔''

پاکستانی وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت کی ایک بڑی جماعت کے رہنما اور متوقع وزیراعظم کا یہ اشتعال انگیز بیان پاکستان کی جانب اُن کے رویے کی حد کو ظاہر کرتا ہے۔

چند روز قبل نریندر مودی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر وہ وزیر اعظم منتخب ہوئے تو وہ بھارت کو مطلوب داؤد ابراہیم کو پاکستان سے بھارت لے کر آئیں گے۔
نریندر مودی
نریندر مودی

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ بطور ریاست گجرات کے وزیراعلی کے مودی 'بدنام' ہوئے اور ایسا لگتا ہے کہ اُنھوں نے اپنی شرمناک غلطیوں سے کچھ نہیں سیکھا۔

اُنھوں نے کہا کہ جو یہ بیان دے رہے ہیں کہ پاکستان نے داؤد ابراہیم کو پناہ دے رکھی ہے اور پاکستانی زمین پر کارروائی ہونی چاہیئے۔ ''اُن کو اس بات کا ادارک ہونا چاہیئے کہ نا تو پاکستان کمزور ملک ہے اور نا ہی ایسی دھمکیوں سے مرعوب ہو گا۔''

پاکستانی وزیر داخلہ نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اس کی کمزوری نا سمجھا جائے۔ پاکستانی قیادت، عوام اور خاص طور پر مسلح افواج یہ حق اور صلاحیت رکھتے ہیں کہ سرحد پار سے ایسی کسی کارروائی کا موثر جواب دے سکیں۔

چودھری نثار کے اس بیان پر بھارت کی جانب سے کسی طرح کا ردعمل سامنے نہیں آیا۔

دونوں ملکوں کے بااثر سیاست دانوں کی طرف سے ایسے بیانات کے بعد دوطرفہ تعلقات میں تناؤ کا خدشہ ہے تاہم پاکستان کے سابق سفارت کار قاضی ہمایوں نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں اس امید کا اظہار کیا کہ بھارت میں انتخابات کے بعد صورتحال میں بہتری کی توقع ہے۔

"انتخابات میں جو بیان بازی ہوتی ہے اور حکومت بننے کے بعد جو پالیسی سازی ہوتی ہے اس میں بہت فرق ہوتا ہے، کیونکہ انتخابات میں ایسی باتیں ہوتی رہتی ہیں اور میرا خیال ہے کہ جب انتخابات ہو جائیں گے تو معاملات ٹھنڈے ہو جائیں گے۔"
بھارت میں عام انتخابات جاری ہیں اور رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما نریندر مودی کو وزارت عظمٰی کے لیے ایک مضبوط اُمیدوار کے دیکھا جا رہا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور اُن کی حکومت کے اعلیٰ عہدیدار یہ کہتے آئے ہیں خطے میں ترقی و استحکام کے لیے اسلام آباد بین الاقوامی برادری خاص طور پر اپنے پڑوسی ممالک سے اچھے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔
XS
SM
MD
LG