رسائی کے لنکس

پاکستان: دو مختلف ٹریفک حادثات میں 12 ہلاک


کوئٹہ چمن شاہراہ پر ایک کار مخالف سمت سے آنے والی بس سے جا ٹکرائی جس سے کار میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے۔

پاکستان میں اتوار کو سڑک کے دو مختلف حادثات میں کم ازکم 12 افراد ہلاک ہوگئے۔

پنجاب میں اٹک کے قریب فقیرآباد کے علاقے میں راولپنڈی سے پشاور جانے والی مسافر وین سڑک کے کنارے ایک درخت سے ٹکرا گئی۔

حادثے میں پانچ افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ چھ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا جو تیز رفتاری کے باعث گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا تھا۔

اس سے چند گھنٹے قبل جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن میں ایک کار اور مسافر بس کے درمیان ٹکر سے کم ازکم سات افراد ہلاک ہوگئے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ کوئٹہ چمن شاہراہ حمید کراس پُل کے قریب ایک کار مخالف سمت سے آنے والی بس سے جا ٹکرائی جس سے کار میں سوار تمام سات افراد شدید زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے ہی میں دم توڑ گئے۔ مرنے والوں میں دو بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔
کار میں سوار افراد کا تعلق کوئٹہ کے پشتون آباد علاقے سے تھا اور یہ لوگ چمن جارہے تھے۔
پاکستان میں سڑک کے حادثات کوئی غیر معمولی بات نہیں اور ہر سال ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں اپنی جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔

ایسے حادثات کی عمومی وجوہات گاڑیوں اور سڑکوں کی خراب صورتحال اور غیر محتاط ڈرائیونگ بتائی جاتی ہیں۔
XS
SM
MD
LG