رسائی کے لنکس

پاکستان: ٹریفک حادثات میں کم ازکم 20 ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

مانسہرہ کے قریب راولپنڈی سے گلگت جانے والی مسافر کوچ کھائی میں جاگری جس سے کم از کم چھ افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔

پاکستان میں ہفتہ کو ٹریفک کے مختلف حادثات میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ملک کے شمال میں مانسہرہ کے قریب راولپنڈی سے گلگت جانے والی مسافر کوچ کھائی میں جا گری جس سے کم از کم چھ افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔ حادثے سے متاثر ہونے والوں میں کوچ پر سوار سکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ حادثہ گاڑی کے بریک ناکارہ ہو جانے کی وجہ سے پیش آیا۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

دوسرا حادثہ سرگودھا کے قریب کوٹ مومن کے علاقے میں موٹر وے پر ہوا جہاں ایک کار ٹرالر سے ٹکرا گئی جس سے دو خواتین اور ایک بچے سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ کار اسلام آباد سے لاہور جا رہی تھی۔ مرنے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے۔

اسی دوران چکوال کے نزدیک تلہ گنگ کے علاقے میں ایک مسافر وین اور کار میں تصادم سے دو خواتین سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے۔ تصادم کے بعد وین میں آگ بھڑک اٹھی۔

جنوبی صوبہ سندھ کے ضلع سکھر میں سبزی منڈی کے قریب ایک پک اپ اور ٹرک آپس میں ٹکرا گئے جس سے کم ازکم پانچ افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔

پاکستان میں ٹریفک حادثات عام ہیں جس کی وجہ غیر محتاط ڈرائیونگ، گاڑیوں کی سڑکوں کی ناقص دیکھ بھال اور خراب حالت بتائی جاتی ہیں۔ ملک میں ہر سال کم ازکم 16 ہزار سے زائد افراد ٹریفک کے مختلف حادثات میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG