رسائی کے لنکس

سردار رضا نے بطور چیف الیکشن کمشنر حلف اٹھا لیا


فخرالدین جی ابراہیم کے استعفے کے بعد پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ جولائی 2013ء سے خالی تھا

جسٹس (ریٹائرڈ) سردار رضا خان نے ہفتہ کو بطور چیف الیکشن کمشنر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ناصر الملک نے اُن سے عہدے کا حلف لیا۔

اُن کے عہدے کی معیاد پانچ سال ہے، رواں ہفتے پارلیمانی کمیٹی کی طرف سے متفقہ نامزدگی کے بعد سردار رضا خان کو الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا تھا۔

فخرالدین جی ابراہیم کے استعفے کے بعد پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ جولائی 2013ء سے خالی تھا، تاہم آئین کے مطابق عبوری طور پر سپریم کورٹ کے حاضر سروس جج فرائض انجام دیتے آ رہے تھے۔

سپریم کورٹ نے حکومت اور قائد حزب اختلاف کو آئین کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر تقرری کے لیے پانچ دسمبر تک کی حتمی مہلت دی تھی۔

69 سالہ سردار رضا خان کا تعلق خیبر پختونخواہ کے علاقے ایبٹ آباد سے ہے، وہ سپریم کورٹ سے بطور جج ریٹائرڈ ہونے کے بعد وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔

تاہم حکومت کی طرف سے اُن کی بطور چیف الیکشن کمشنر تقرری کے نوٹیفیکشن کے بعد سردار رضا نے وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔

سپریم کورٹ کے جج کے علاوہ سردار رضا پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG