رسائی کے لنکس

پاکستان کے جدید مواصلاتی سیارے نے کام شروع کردیا


پاکستان کے جدید مواصلاتی سیارے نے کام شروع کردیا
پاکستان کے جدید مواصلاتی سیارے نے کام شروع کردیا

پاکستان کے پہلے جدید ترین مواصلاتی سیارے ’پاک سیٹ ون آر‘ نے ہفتہ کو اپنی سروسز کا آغاز کردیا ہے۔ جس کے ساتھ ہی پاکستان کا خلائی ترقی کا پروگرام ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگیا۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اس حوالے سے ایک افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے حوالے سے خلائی ٹیکنالوجی کا کردار انتہائی اہم اور سیٹیلائٹ سیارے دنیا بھر میں مواصلاتی روابط کے لیے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک سیٹ ون آر پاکستان اور چین کے قریبی اور دوستانہ تعلقات کا عکاس ہے۔ ان کے بقول زراعت اور آبی وسائل کی ترقی میں بھی خلائی ٹیکنالوجی کا کردار بہت اہم ہے اور وزارتیں اور ادارے خلائی ٹینکالوجی سے بھرپور استفادہ کریں۔

پاک سیٹ ون آر رواں سال 12 اگست میں چین کے مواصلاتی مرکز سے چھوڑا گیا تھا۔

مواصلاتی سیارہ نے اپنے مستقل محور میں پہنچنے تک تمام مراحل طے کردہ پروگرام کے مطابق طے کرتے ہوئے 38 ڈگری پر پہلے سے موجود پاک سیٹ ون کی جگہ پہنچ کر سروسز فراہم کرنا شروع کردیں۔

پاک سیٹ ون آر کے کنٹرول اور سروسز کے لیے لاہور اور کراچی میں جدید گراؤنڈ سیٹیلائٹ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ یہ مواصلاتی سیارہ 15 سال تک ٹی وی نشریات، انٹرنیٹ اور ڈیٹا سروسز کی جدید ترین سہولتیں فراہم کرے گا۔

اس سیارے کی بدولت پاکستان جنوبی ایشیا، مشرقی افریقہ، وسط ایشیا اور یورپ سے منسلک ہو جائے گا۔

XS
SM
MD
LG