رسائی کے لنکس

پاکستان: اسکول وین میں گیس سیلنڈر کا دھماکا، 16 بچے ہلاک


حکام کے مطابق یہ واقعہ گجرات کے علاقے کوٹ فتح میں پیش آیا.اس وین میں لگ بھگ 25 بچے سوار تھے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع گجرات میں ہفتہ کی صبح ایک اسکول وین میں نصب گیس سیلنڈر پھٹنے سے کم از کم 16 بچے اور ان کی ایک استانی ہلاک ہوگئے۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ گجرات کے علاقے کوٹ فتح میں پیش آیا۔ وین پر 25 بچے سوار تھے جو انھیں اسکول لے کر جارہی تھی جب اچانک گیس سیلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق گاڑی میں نصب گیس سیلنڈر میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، زیادہ تر بچے موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ بچوں کی عمریں دس سے بارہ سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق سیلنڈر میں دھماکا شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ کے باعث ہوا۔ ڈرائیور جائے وقوع سے فرار ہوگیا۔

امدادی ٹیموں اور مقامی لوگوں نے زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔

پاکستان میں لاکھوں کی تعداد میں چھوٹی بڑی گاڑیوں میں سی این جی (کمپریسڈ نیچرل گیس) متبادل ایندھن کے طور پر استعمال کی جاتی ہے۔ ملک میں اس سے قبل بھی گاڑیوں میں نصب سیلنڈر پھٹنے سے ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

سیلنڈر میں دھماکے کی عمومی وجوہات میں ناقص، غیر معیاری اور اکثر اوقات زائد المعیاد سیلنڈر کا استعمال بتایا جاتا ہے۔ اگرچہ حکام نے گاڑیوں میں نصب سیلنڈروں کی جانچ کو ضروری قرار دے رکھا ہے لیکن بظاہر اس پر عمل ہوتا نظر نہیں آتا۔
XS
SM
MD
LG