رسائی کے لنکس

پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یہ انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہو رہے ہیں جن میں تقریباً سب ہی جماعتوں نے اپنے امیدوار میدان میں اتارے ہیں جب کہ ایک بڑی تعداد میں امیدوار آزاد حیثیت میں بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے 12 اور سندھ کے 14 اضلاع میں جمعرات کو بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی۔ ان صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کا یہ دوسرا مرحلہ ہے۔ پہلے مرحلے میں 31 اکتوبر کو پنجاب کے 12 اور سندھ کے آٹھ اضلاع میں انتخابات ہوئے تھے۔

پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق سات بج کر تیس منٹ پر شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہا۔

پنجاب میں اٹک، جہلم، منڈی بہاوالدین، حافظ آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، شیخوپورہ، میانوالی، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال اور خانیوال میں ووٹ ڈالے گئے۔

یہاں ایک کروڑ 47 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جن کے لیے 11 ہزار 935 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔

سندھ میں حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈو اللہ یار، دادو، مٹیاری، جامشورو، بدین، ٹھٹہ، سجاول، شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، میر پور خاص، عمر کوٹ اور تھرپارکر شامل ہیں۔

یہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ستر لاکھ کے قریب ہے جن کے لیے 11869 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔

کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور رینجرز کے اضافی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ فوج کو اس موقع پر چوکس رہنے کے لیے کہا گیا۔

مجموعی طور پر پولنگ کے دوران کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا لیکن بعض علاقوں سے پولنگ کے لیے موجود لوگوں میں ہاتھا پائی کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران سندھ کے علاقے خیر پور میں ہونے مخالف گروپوں کے درمیان ہونے والی مسلح جھڑپ میں کم ازکم 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ بعض دیگر علاقوں سے بھی ہاتھا پائی اور مسلح تصادم کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

بدھ کی شام الیکشن کمیشن نے سندھ کے آٹھ اضلاع کی 81 یونین کونسلز میں بلدیاتی انتخابات حلقہ بندیوں کے تنازع کے باعث ملتوی کر دی تھیں اور حکام کا کہنا ہے کہ نئی حلقہ بندیاں آئندہ پندرہ روز میں کر دی جائیں گی۔

یہ انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہو رہے ہیں جن میں تقریباً سب ہی جماعتوں نے اپنے امیدوار میدان میں اتارے ہیں جب کہ ایک بڑی تعداد میں امیدوار آزاد حیثیت میں بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

انتخابات کے پہلے مرحلے میں پنجاب میں مسلم لیگ ن اور سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے برتری حاصل کی تھی۔

انتخابات کا تیسرا مرحلہ پنجاب میں پانچ اور سندھ میں تین دسمبر ہوگا۔

بلوچستان وہ پہلا صوبہ ہے جس میں ایک عرصے کے بعد بلدیاتی انتخابات کا عمل مکمل ہوا تھا۔ یہاں دسمبر 2013ء میں مقامی حکومتوں کے انتخابات ہوئے تھے۔

صوبہ خیبر پختونخواہ میں یہ انتخابات رواں سال مئی میں ہوئے تھے جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ملکی تاریخ میں پہلی بار یہ انتخابات ہونے جا رہے ہیں جس کے لیے 30 نومبر کی تاریخ مقرر ہے۔

XS
SM
MD
LG