رسائی کے لنکس

اسلام آباد: فائرنگ سے مقامی سنی رہنما سمیت دو ہلاک


اہل سنت والجماعت اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل مفتی منیر اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ مدرسے سے نکلے ہی تھی کہ اُن کی گاڑی پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے جمعہ کو اہل سنت والجماعت کے مقامی رہنماء سمیت دو افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ سیکٹر آئی ایٹ میں پیش آیا جہاں اہل سنت والجماعت اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل مفتی منیر اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ مدرسے سے نکلے ہی تھی کہ اُن کی گاڑی پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔

فائرنگ سے گاڑی میں سوار دونوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق مفتی منیر حال ہی حفاظتی تحویل کے بعد رہا ہوئے تھے۔ گزشتہ ماہ واقعہ کربلا کے چہلم کے سلسلے میں ماتمی جلوسوں سے قبل اہل سنت و الجماعت کے کئی رہنماؤں کو پولیس نے حفاظتی تحویل میں لیا تھا جن میں مفتی منیر بھی شامل تھے۔

گزشتہ ماہ لاہور میں اسی تنظیم کے صوبائی صدر شمس الرحمان معاویہ کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا جب کہ اس واقعہ کے کچھ ہی دن بعد شیعہ عالم دین علامہ ناصر عباس کو بھی لاہور ہی میں مسلح افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

پاکستان میں حالیہ فرقہ وارانہ کشیدگی کا آغاز راولپنڈی میں یوم عاشور کے ماتمی جلوس کے دوران ایک مسجد کے باہر مسلح تصادم میں 11 افراد کی ہلاکت کے بعد ہوا۔

یہ واقعہ راولپنڈی کے راجہ بازار کے قریب پیش آیا تھا جس کے بعد سے ملک میں متعدد شیعہ اور سنی علمائے دین کو نشانہ بنا کر ہلاک کیا جا چکا ہے۔

فرقہ وارانہ کشیدگی کو کم کرنے کے ملک کی اعلٰی سیاسی قیادت بشمول صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف علمائے دین سے یہ اپیل کر چکے ہیں، کہ وہ ملک میں مذہبی رواداری کو فروغ دینے میں کردار ادا کریں۔
XS
SM
MD
LG