رسائی کے لنکس

پاکستان: یوم دفاع کے موقع پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنانے کا دعویٰ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

فوج کے بیان میں کہا گیا کہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کر کے اُس سے چھ کلو گرام وزنی تیار بم اور مارٹر گولہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

پاکستانی فوج کے مطابق ملک کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی۔ بیان میں بتایا گیا کہ دہشت گرد چھ ستمبر کو یوم دفاع کے موقع پر کارروائی کرنا چاہتے تھے۔

فوج کے بیان میں کہا گیا کہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کر کے اُس سے چھ کلو گرام وزنی تیار بم اور مارٹر گولہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایک دوسرا بم جو نصب کیا جا چکا تھا، گرفتار کیے گئے شخص کی نشاندہی پر اُسے بھی ناکارہ بنا دیا گیا۔

عہدیداروں کے مطابق مشتبہ دہشت گرد نے تسلیم کیا کہ وہ اس سے قبل بھی کوئٹہ میں دو مواقع پر دیسی ساخت کے بم نصب کر چکا ہے جن میں دھماکوں سے کئی افراد ہلاک ہوئے۔

پاکستان میں چھ ستمبر کو یوم دفاع کے موقع پر ملک کے چاروں صوبوں میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے اور اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

گزشتہ ماہ سکیورٹی فورسز نے کراچی میں دہشت گردی کے ایک منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے کہا تھا کہ شدت پسند

14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر تخریبی کارروائی کرنا چاہتے تھے۔

اُدھر صوبہ خیبر پختونخواہ میں پولیس نے تین دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کر کے مطلوب شدت پسندوں کو گرفتار کیا گیا۔

دریں اثنا صوبہ خیبر پختونخواہ ہی کے ضلع ہنگو میں حال میں ضلعی کونسلر منتخب ہونے والے ملک ممتاز ایک بم دھماکے میں ہلاک ہو گئے۔

ملک ممتاز کا تعلق عوامی نیشنل پارٹی سے تھا، مقامی لوگوں کے مطابق اُن کی گاڑی کو سڑک میں نصب بم سے نشانہ بنایا گیا۔

عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے کئی افراد کو اس سے قبل بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG