رسائی کے لنکس

دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے: جنرل راحیل


چراٹ میں اسپیشل سروسز گروپ کے فوجیوں سے خطاب میں فوج کے سربراہ نے کہا کہ اعلیٰ تربیت یافتہ اور پیشہ وارانہ مہارت کے حامل فوجیوں کی مدد سے دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ اعلیٰ تربیت یافتہ اور پیشہ وارانہ مہارت کے حامل فوجیوں کی مدد سے دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

اُنھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو اُن کی پناہ گاہوں حتی کے اُن دشوار گزار علاقوں سے ختم کیا جائے گا جہاں وہ روپوش ہیں۔

جمعہ کو صوبہ خیبر پختوںخواہ کے علاقے چراٹ میں فوج کے اسپیشل سروسز گروپ کی چین کے فوجیوں کے ساتھ ہونے والی مشقوں کے اختتام پر جنرل راحیل نے ان کا معائنہ کیا اور دونوں فوجوں کے اہلکاروں کی مہارت کو سراہا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ’’واریئر 2014‘‘ نامی انسداد دہشت گردی کی مشترکہ مشقیں تین ہفتوں تک جاری رہیں۔

بیان کے مطابق جنرل راحیل شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایسی مشترکہ مشقیں دہشت گردی کے خلاف پیشہ وارانہ مہارت بڑھانے اور مکمل تیار رہنے کے لیے معاون ثابت ہوتی ہیں۔

بعد ازاں اسپیشل سروسز گروپ کے فوجیوں سے بات چیت کرتے ہوئے فوج کے سربراہ نے انسداد دہشت گردی کی جنگ خصوصاً آپریشن ضرب عضب میں ان کی کارکردگی کو سراہا۔

پاکستانی فوج نے جون کے وسط سے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن شروع کر رکھا ہے جس میں اب تک غیر ملکی جنگجوؤں سمیت 600 سے زائد عسکریت پسندوں کو ہلاک اور ان کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔

اعلیٰ عسکری عہدیدار اور وفاقی حکومت کے نمائندے یہ کہہ چکے ہیں دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جا رہی ہے جب کہ دہشت گردوں کا ملک بھر میں پیچھا کر کے اُن کو ختم کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG