رسائی کے لنکس

پاکستان میں ریکارڈ توڑ گرمی، بیماریاں پھیلنے لگیں


گرم موسم
گرم موسم

شعبہ صحت سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، نوابشاہ، ٹھٹھہ، مٹیاری، میرپور خاص اور دیگر سرکاری اسپتال پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں سے بھرے پڑے ہیں

پاکستان میں اِن دنوں ریکارڈ توڑ گرمی پڑ رہی ہے۔اس گرمی میں لوڈ شیڈنگ تو عذاب تھی ہی اب ملک کے مختلف علاقوں خاص کر اندرون ِسندھ گرمی کے سبب متعدد بیماریاں بھی پھیلنے لگی ہیں۔

محکمہٴصحت سندھ کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر مسعود سولنگی کے مطابق اندرون سند ھ سے اب تک درجنوں مریضوں کو سندھ کے بڑے شہروں خاص کر کراچی اور حیدرآباد منتقل کیا گیا ہے۔ ان مریضوں میں سے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران تین افراد ہلاک ہوگئے۔

ڈاکٹر سولنگی کا کہنا ہے کہ آلودہ پانی کے سبب پیٹ کے امراض میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اب تک تین افراد اس مرض میں جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 2000 سے زائد مریض اندرون سندھ سے شہری علاقوں میں واقع اسپتالوں میں منتقل ہوئے ہیں۔

ماہرین صحت کے مطابق زیادہ تر اموات گرمی، حبس، اور لو لگنے کے سبب ہوتی ہیں۔ ایسے میں آلودہ پانی کا استعمال موت کو مریض سے مزید قریب کر دیتا ہے۔

صحت کے شعبے سے وابستہ افراد بعض افراد نے وی او اے کو بتایا کہ حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، نوابشاہ، ٹھٹھہ، مٹیاری، میرپور خاص اور دیگر سرکاری اسپتال پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں سے بھرے پڑے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں جن میں لاہور، ملتان، ڈی جی خان، نواب شاہ اور جہلم شامل ہیں۔ یہاں پیر کو درجہ حرارت 45ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ یہی حال پنجاب کے دیگر شہروں مثلاً سیالکوٹ، راولپنڈی، اوکاڑہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کا ہے جہاں درجہ حرارت 44ڈگری تک جاپہنچا ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹس کے مطابق شدید گرمی نے سالوں پرانے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ اکثر شہروں میں سورج آگ برسا رہا ہے۔ فیصل آباد میں گرمی کا 18 سالہ اور نواب شاہ میں 19 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ محکمہٴموسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی یہ شدید لہر آئندہ دو سے تین روز برقرار رہے گی۔
XS
SM
MD
LG