رسائی کے لنکس

نواز شریف کو عالمی رہنماؤں کی مبارکباد


بھارت کے وزیر خارجہ سلمان خورشید نے امید ظاہر کی کہ اگر نواز شریف کی حکومت بنتی ہے تو دونوں ملکوں کے تعلقات بہتری کی سمت بڑھ سکتے ہیں۔

پاکستان میں ہفتہ کو ہونے والے عام انتخابات کا عمل مکمل ہونے کے بعد غیر حتمی نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور اتوار کی شام تک سامنے آنے والے نتائج میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جماعت پاکستان مسلم لیگ ن مرکز اور صوبہ پنجاب میں اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آرہی ہے۔

نواز شریف ہفتہ کی شب ابتدائی غیر سرکاری نتائج آنے بعد ہی اس امید کا اظہار کرچکے ہیں کہ آئندہ حکومت ان کی جماعت ہی بنائے گی۔

دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہان نے اتوار کو نوازشریف کو فون کرکے مبارکباد دی۔

ان عالمی رہنماؤں میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ، ایران کے صدر محمود احمدی نژاد، افغانستان کے صدر حامد کرزئی، بھارت کے وزیراعظم من موہن سنگھ اور ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردوان شامل ہیں۔

بھارت کے وزیر خارجہ سلمان خورشید نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان میں انتخابات کی نتیجے میں بننے والی کسی بھی جمہوری حکومت کا خیر مقدم کرتا ہے۔ انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اگر نواز شریف کی حکومت بنتی ہے تو دونوں ملکوں کے تعلقات بہتری کی سمت آگے بڑھ سکتے ہیں۔

نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو کے علاوہ جمعیت العماء الاسلام ( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور جماعت اسلامی کے امیر منور حسن نے بھی نواز شریف کو مبارکباد پیش کی۔
XS
SM
MD
LG