رسائی کے لنکس

سراج الحق جماعت اسلامی پاکستان کے نئے امیر منتخب


سراج الحق (فائل فوٹو)
سراج الحق (فائل فوٹو)

موجودہ امیر سید منور حسن 2009 میں قاضی حسین احمد کے بعد جماعت کے امیر منتخب ہوئے تھے اور ان کے عہدے کی معیاد اپریل 2014 میں ختم ہورہی ہے۔

پاکستان کی ایک مذہبی و سیاسی جماعت ’جماعت اسلامی‘ نے سراج الحق کو اپنا نیا امیر منتخب کیا ہے۔

سراج الحق شمال مغربی صوبہ خیبرپختونخواہ کی حکومت میں سینیئر وزیر بھی ہیں۔

اتوار کو جماعت اسلامی کے مرکزی دفتر منصورہ میں نئے امیر کے انتخاب کا اعلان کرتے ہوئے جماعت کے ناظم انتخابات عبدالحفیظ نے کہا کہ خفیہ رائے شماری میں اکثریت نے سراج الحق کو ووٹ دیا۔

’’موجودہ امیر سید منور حسن کی مدت امارت اپریل 2014 میں ختم ہورہی ہے۔ مجلس شوریٰ نے اہم ارکان کی رہنمائی کے لیے جماعت کے ارکان میں سے تین نام، سراج الحق، لیاقت بلوچ اور منور حسن بذریعہ خفیہ رائے دہی سے منتخب کیے۔ واپس موصول شدہ ووٹوں میں سے کثرت رائے سے 2014 سے 2019 کی مدت کے لیے سراج الحق کو امیر جماعت اسلامی منتخب کیا گیا ہے۔‘‘

اس خفیہ رائے شماری میں جماعت اسلامی کے 25 ہزار 533 ارکان نے حصہ لیا۔

سید منور حسن 2009 میں قاضی حسین احمد کے بعد جماعت کے امیر منتخب ہوئے تھے۔

نئے منتخب ہونے والے امیر جماعت اسلامی سراج الحق اسلامی جمعیت طلبا سے وابستہ رہے اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے عملی سیاست میں داخل ہوئے۔

وہ 2002 کے انتخابات کے بعد خیبر پختونخواہ میں بننے والی حکومت میں بھی سینیئر وزیر کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ وہ جماعت کے پانچویں امیر ہیں۔
XS
SM
MD
LG