رسائی کے لنکس

جنوبی وزیرستان میں اہم شاہراہ کا افتتاح


اس میں شکئی اور مکین کے درمیان 76 کلومیٹر سڑک امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی معاونت سے تیار کی گئی۔

پاکستانی فوج قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں ایک اہم شاہراہ تعمیر کر رہی ہے جس کے ایک حصے کا افتتاح آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق سنٹرل ٹریڈ کوریڈور یعنی مرکزی تجارتی راہداری، 705 کلومیٹر طویل سڑکوں کا ایک نیٹ ورک ہے جس میں پاکستان کی انڈس ہائی وے اور جنوبی وزیرستان کی سڑکوں کو افغانستان کی رنگ روڈ سے منسلک کیا جائے گا۔

بیان میں بتایا گیا کہ اس سے قبائلی علاقوں اور صوبہ خیبر پختونخواہ میں اقتصادی ترقی اور پاکستان و افغانستان کے درمیان تجارت کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

یہ نیٹ ورک دوست ممالک کے تعاون سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس میں شکئی اور مکین کے درمیان 76 کلومیٹر سڑک امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی معاونت سے تیار کی گئی۔

سنٹرل ٹریڈ کوریڈور کے ساتھ واقع اس اہم سڑک سے قبائلی ایجنسی کے مختلف علاقوں کو منسلک کرنے میں مدد ملے گی۔

امریکہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ مختلف شعبوں بشمول تعلیم کے فروغ کے لیے بھی معاونت فراہم کرتا آرہا ہے۔

جنرل راحیل شریف نے اس موقع پر قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج قبائلی علاقوں میں پائیدار امن کے لیے کوشاں رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ فوج کی توجہ شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے مقاصد حاصل کرنے پر مرکوز ہے اور ساتھ ہی ساتھ فوج نے حکومت کے ساتھ مل کر آپریشن سے متاثر ہونے والے علاقوں کی بحالی کا منصوبہ بھی بنا لیا ہے۔

حکام کے بقول 15 جون سے جاری فوجی آپریشن میں اب تک شمالی وزیرستان میں 1100 ملکی و غیر ملکی جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کے ساتھ ساتھ فوج نے متعدد علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا ہے۔

اس آپریشن کی وجہ سے یہاں سے تقریباً چھ لاکھ افراد نقل مکانی کر کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں عارضی طور پر مقیم ہیں جن کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ ان لوگوں کی اپنے گھروں کو باعزت واپسی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں لیکن اس کے لیے کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی جا سکتی۔

XS
SM
MD
LG