رسائی کے لنکس

اسلام آباد میں اسپین کے ایک سفارت کار کی ’خودکشی‘


فائل فوٹو
فائل فوٹو

باورچی حمید جب جمعرات کی صبح معمول کے مطابق سفارت کار کے گھر پہنچا تو دروازہ بند تھا اور کچھ انتظار کے بعد اُس نے اس معاملے کی اطلاع پولیس کو دی۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں اسپین کے ایک سفارت کار جمعرات کو اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

متعلقہ تھانہ کوہسار کے ایک عہدیدار نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ جیوان جوز جینر نامی سفارت کار ایف سیون ٹو سیکٹر میں رہائش پزیر تھے اور اُن کے باورچی نے جمعرات کی صبح اس واقعہ کی اطلاع دی۔

پولیس کے مطابق اب تک ملنے والے شواہد سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ سفارت کار نے خود کو گولی مار کر خودکشی کی، کیوں کہ لاش کے قریب سے ایک پستول بھی ملا۔

پولیس عہدیدار نے بتایا کہ سفارت کار تنہا ہی گھر میں رہتے تھے جب کہ اُن کا باورچی دن میں کام کرنے کے بعد رات کو اپنے گھر چلا جاتا تھا۔

باورچی حمید جب جمعرات کی صبح معمول کے مطابق سفارت کار کے گھر پہنچا تواس کادروازہ بند تھا اور کچھ انتظار کے بعد اُس نے اس معاملے کی اطلاع پولیس کو دی۔

بعد ازاں پولیس نے اسپین کے سفارت خانے کو اطلاع دی اور اُن کے عملے کی موجودگی میں گھر کو کھولا گیا۔

سفارت کار کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی جس کے بعد باقاعدہ طور پر اسے اسپین کے سفارت خانے کے حوالے کیا جائے گا۔

اسلام آباد کے سرکاری اسپتال پولی کلینک کے ترجمان ڈاکٹر امتیاز نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم معائنہ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جیوان جوز کے سر میں گولی لگی۔

’’ان کا پوسٹ مارٹم ہو گیا ہے اور رپورٹ لکھی جانی ہے، ہم نے کچھ نمونے لیے اور ان کو ٹیسٹ کے لیے بھیج رہے ہیں لیکن یہ واضح نظر آتا ہے کہ ان کی سر میں گولی لگی۔‘‘

ڈاکٹر امتیاز نے کہا ابتدائی طور کہا جا سکتا ہے کہ ان کو موت بظاہر گولی لگنے سے واقع ہوئی ہے۔

تاہم اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملنے والے شواہد کے ’فورینزک ٹیسٹ‘ بھی کیے جا رہے ہیں جس کے بعد ہی کوئی حمتی نتیجہ اخذ کیا جا سکے گا۔

XS
SM
MD
LG