رسائی کے لنکس

کرکٹ پاکستان اور بھارت کو یکجا کرنے کا باعث بنی


وزیراعظم گیلانی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے مصافحہ کررہے ہیں۔
وزیراعظم گیلانی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے مصافحہ کررہے ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ایک بار پھر کہا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ میں شکست کے باوجود پوری قوم اور حکومت نے جس طرح ان کی حوصلہ افزائی کی ہے وہ اس کے لیے شکرگزار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے پیر کو اسلام آباد میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی طرف سے قومی ٹیم کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے کے دوران کیا۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ”قومی ٹیم پوری عوام کی ٹیم ہے کہ اور جب ہر شخص اُس کی حمایت کرتا ہے تو ٹیم ایک یونٹ بنتی ہے“۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ میچ نے دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کو ملاقات کا موقع فراہم کیا ۔

بھارتی میڈیا سے برہم نظر آنے والے پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ ”میڈیا سے قطع نظر وہاں کے لوگوں نے بڑے پن کا اظہار کیا اور دونوں ملکوں کے عوام آپس میں ملنا چاہتے ہیں“۔

وزیراعظم گیلانی نے اس موقع پر صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ کچھ عرصے سے قومی کرکٹ ٹیم مختلف مسائل اور سازشوں کا شکار رہی مگر اس کے باوجود کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ میں جو کاکردگی دکھائی اور سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی اس پر وہ کھلاڑیوں کو سراہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کرکٹ ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی وجہ سے ہی وہ بھارت میچ دیکھنے گئے۔”اگر یہ سیمی فائنل میں نہ پہنچتے تو ہم وہاں (موہالی) کیسے پہنچتے“۔

وزیراعظم نے اس موقع پر ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے دس، دس لاکھ اور مینجمنٹ کے عہدیداروں کے لیے پانچ، پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔ بعد ازاں کرکٹ ٹیم کوپارلیمنٹ ہاؤس لے جایا گیا جہاں اُنھوں نے مہمانوں کی گیلری میں بیٹھ کر قومی اسمبلی کی کارروائی دیکھی۔

پاکستانی ٹیم رواں ماہ ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانہ ہورہی ہے اور اس بارے میں کپتان شاہد آفریدی کاکہنا تھا کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچز کے لیے پراعتماد ہیں۔ ”جن کھلاڑیوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی ان نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ، اور مجھے امید ہے ان میں سے کچھ آگے چل کر بڑے کھلاڑی بنیں گے۔“

XS
SM
MD
LG