رسائی کے لنکس

پاکستان ہاکی ٹیم کے 8 کھلاڑیوں کو جرمانہ


پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے بھارت میں کھیلی جانے والی ورلڈ ہاکی سیریز میں شرکت کرنے پر قومی ٹیم کے 8 کھلاڑیوں کو جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

ان کھلاڑیوں میں اولمپکس کھیلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے شکیل عباسی اور فاروڈ ریحان بٹ شامل ہیں جنھیں 10، 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

دیگر چھ کھلاڑیوں میں وسیم احمد، ذیشان اشرف، عمران وارثی، عدنان مقصود، طارق عزیز اور مدثر علی خان شامل ہیں جنھیں بھارت میں منعقدہ ان مقابلوں میں حصہ لینے کی پاداش میں اڑھائی، اڑھائی لاکھ جرمانہ ادا کرنے کی سزا دی گئی ہے۔

جرمانے ادا نہ کرنے کی صورت میں پی ایچ ایف نے منگل کو جاری کیے گئے اپنے بیان میں متنبہ کیا ہے کہ یہ تمام کھلاڑی ایک سال تک قومی اور بین الاقوامی ہاکی نہیں کھیل سکیں گے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کہا ہے کہ ورلڈ ہاکی سیریز ایک غیر منظور شدہ ٹورنامنٹ تھا جس میں کھلاڑی حصہ نہیں لے سکتے تھے۔

XS
SM
MD
LG