رسائی کے لنکس

سری لنکا کے خلاف پاکستان کے 244 پر چھ آؤٹ


پاکستان نے اپنی پہلی اننگز شروع کی تو صرف 47 کے مجموعی اسکور پر اسے خرم منظور کی وکٹ کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے ہیں اور اب بھی وہ میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کے اسکور سے 76 رنز کی دوری پر ہے۔

جمعہ کو کولمبو میں میچ کے دوسرے دن میزبان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 261 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی لیکن جلد ہی اس کی باقی دو وکٹیں بھی گر گئیں۔ اس نے اپنی پہلی اننگز میں 320 رنز اسکور کیے۔

سری لنکا کی طرف سے ابتدائی بلے باز تھارانگا 92 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی طرف سے جنید خان نے پانچ، وہاب ریاض نے تین جب کہ عبدالرحمن اور سعید اجمل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز شروع کی تو صرف 47 کے مجموعی اسکور پر اسے خرم منظور کی وکٹ کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔

ابتدائی بلے باز احمد شہزاد کے علاوہ باقی کھلاڑی کوئی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے۔ احمد نے 58 رنز اسکور کیے۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں 177 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے یونس خان صرف 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان مصباح الحق پانچ رنز بنا سکے۔

سری لنکا کے باؤلر ہیراتھ نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنا رکھے تھے۔

جمعرات کو میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

سری لنکا کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ اس نے گال میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ سات وکٹوں سے جیتا تھا۔

دوسرے ٹیست کے لیے پاکستان نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے۔ محمد طلحہ کی جگہ بالر وہاب ریاض کو شامل کیا گیا ہے۔

میزبان ٹیم نے شامندا رنگا اور کھتوروان کی جگہ چناکاویلے گدارا اور لاہیروتھرمانے کو شامل کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG