رسائی کے لنکس

ابوظہبی ٹیسٹ: سری لنکا کی دوسری اننگز جاری


تیسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے اور اس طرح اُسے پاکستان کے خلاف سات رنز کی برتری حاصل ہے۔

متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے اور اس طرح اُسے پاکستان کے خلاف سات رنز کی برتری حاصل ہے۔

سری لنکا کی طرف سے دوسری اننگز میں سنگاکارا 55 اور کوشل سلوا 81 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

دوسری اننگز میں جمعرات کو پاکستان کی طرف سے جنیدخان اور بلاول بھٹی نے سری لنکا کے دو، دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔

تیسرے دن کے کھیل کا آغاز مصباح الحق اور اسد شفیق نے کیا لیکن اسد شفیق زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور وہ 13 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ مصباح الحق 135 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے۔

اس میچ میں پاکستانی بلے باز یونس خان نے بھی سنچری اسکور کی اور وہ 136 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں سری لنکا کے خلاف 179 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

سری لنکا کی طرف سے ارنگا اور ہیراتھ نے تین، تین جب کہ لکمل نے دو وکٹ حاصل کیں۔

سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے خلاف میچ کے پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 204 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

سری لنکا کی پہلی اننگر میں پاکستان کی طرف سے جنید خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں جب کہ اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے بلاول بھٹی نے تین اور سعید اجمل نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

پاکستان کی میزبانی میں سری لنکا یہ کرکٹ سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیل رہا ہے جس میں دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر جب کہ پانچ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز تین، دو سے پاکستان کے نام رہی۔
XS
SM
MD
LG