رسائی کے لنکس

سری لنکا کے خلاف پاکستان کے چار وکٹوں پر 261 رنز


یونس خان
یونس خان

یونس خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سینچری جب کہ ان کے ساتھ وکٹ پر موجود اسد شفیق نے نصف سینچری مکمل کی۔

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف گال میں کھیلے جا رہے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز چار وکٹوں کے نقصان پر 261 رنز بنائے ہیں۔

بدھ کو پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن جلد ہی اس کے دونوں ابتدائی بلے باز صرف 19 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو چکے تھے۔

پہلی وکٹ احمد شہزاد کی گری جنہیں پراساد نے بولڈ کیا اور اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور صرف چار رنز تھا۔ دوسری وکٹ بھی پراساد کے حصے میں آئی جنہوں نے خرم منظور کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اظہر علی تھے جنہیں ہیراتھ نے بولڈ کیا۔ انھوں نے 30 رنز بنائے۔

گزشتہ ٹیسٹ میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کپتان مصباح الحق نے یونس خان کے ساتھ مل کر کچھ دیر کے لیے اپنی ٹیم کو سنبھالا دیا لیکن وہ بھی زیادہ دیر تک کریز پر موجود نہ رہ سکے۔

مصباح الحق 31 رنز بنا کر ہیراتھ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

سابق کپتان یونس خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سینچری جب کہ ان کے ساتھ وکٹ پر موجود اسد شفیق نے نصف سینچری مکمل کی۔

پہلے دن کھیل کے اختتام پر دونوں یونس 133 اور اسد شفیق 55 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔

بارش کی وجہ سے یہ میچ تقریباً نصف گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا تھا۔

پاکستانی ٹیم نے تقریباً سات ماہ سے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا ہے جب کہ سری لنکا کی ٹیم اس دوران ٹیسٹ میچوں کے علاوہ کرکٹ کے ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں خاصی مصروف رہی ہے۔

اس ٹیسٹ سیریز کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ سری لنکا کے سابق کپتان اور نامور بلے باز مہیلا جے وردنے کے کیرئیر کی یہ آخری ٹیسٹ سیریز ہے۔ وہ دوسرے ٹیسٹ میچ کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان تیسرے جب کہ سری لنکا چھٹے نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG