رسائی کے لنکس

مہاتما بدھ کے متبرکات نمائش کے بعد پاکستان کے حوالے


مہاتما بدھ کے متبرکات نمائش کے بعد پاکستان کے حوالے
مہاتما بدھ کے متبرکات نمائش کے بعد پاکستان کے حوالے

سری لنکا نے پاکستان سے لائے گئے مہاتما بدھ کے متبرک آثار اپنے ہاں نمائش کے بعد واپس بھجوا دیے ہیں۔ یہ متبرکات حکومت پاکستان نے سری لنکا کے صدر مہندا راجا پاکسا کی خصوصی درخواست پر بھیجے تھے ۔

سری لنکا میں ان متبرکات کی نمائش سترہ روز تک جاری رہی جس دوران لاکھوں افراد نے ان کی زیارت کی اور خراج عقیدت پیش کیا۔ان افراد میں خاص طور پر سری لنکا کے صدر، وزیراعظم ، پارلیمنٹ کے اسپیکر سمیت دیگر کئی اہم شخصیات بھی شامل تھیں۔

ان متبرکات میں پاکستان میں شاہ جی کی ڈھیری سے دریافت ہونے والے مہاتما بدھ کی باقیات کے علاوہ کنشکاکے تابوت کی باقیات اور اسٹوپا کی شکل کا پتھر کا ایک صندوقچہ بھی شامل تھا۔ ان کی نمائش کا افتتاح صدر پاکسا نے دارالحکومت کولمبو کے مالیگاکانڈا معبد میں رواں ماہ کی چار تاریخ کو کیا تھا۔

کولمبو میں پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیاہے کہ سترہ روز میں ان متبرکات کو سری لنکا کے مختلف شہروں میں لے جایا گیا جہاں عوام کی ایک بڑی تعداد نے ان کی زیارت کی۔

بیان کے مطابق متبرکات کی اس نمائش سے دونوں ممالک کے مابین پہلے سے موجود گہرے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

پاکستان میں بدھ مت کی تہذیب اور ثقافت کے آثار اب بھی موجود ہیں اور ہرسال دنیا بھر سے بدھ مت کے پیروکار ان مقامات کو دیکھنے آتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG