رسائی کے لنکس

داتادربارمیں حملوں کے خلاف جزوی ہڑتال


داتادربارمیں حملوں کے خلاف جزوی ہڑتال
داتادربارمیں حملوں کے خلاف جزوی ہڑتال

لاہور میں داتا دربار میں خودکش حملوں اور اُن میں ہونے والی ہلاکتوں کے خلاف ہفتے کے روز بعض مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی اپیل پرہفتے کو لاہور، راولپنڈی اور کراچی سمیت ملک کے کئی شہروں میں ہڑتال کی گئی اور بعض مقامات پر احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ لاہور کے تقریباً تمام مرکزی کاروباری مراکز بند رہے جب کہ سٹرکوں پر ٹریفک بھی معمول سے بہت کم تھی۔

مظاہرین نے دہشت گردانہ حملوں کی روک تھام کے لیے حکومت سے سخت اقدامات کا مطالبہ بھی کیا۔ داتا دربار پر جمعرات کی رات ہونے والے دوخودکش حملوں میں 42افرا د ہلاک اور 180 زخمی ہو گئے تھے۔

خودکش حملوں کی تفتیش جاری ہے اورپولیس عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس بارے میں ابھی معلومات فراہم نہیں کی جاسکتیں کیوں کہ اُن کے بقول ایسا کرنے سے تفتیش پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

دریں اثناء وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے داتادربار کا دورہ کیا جس کے بعد اُنھوں نے لاہور میں گنگا رام ہسپتا ل میں خودکش حملوں میں زخمی ہونے والوں کی عیادت بھی کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں امن وامان کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے اُنھوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر رکھا ہے۔

دہشت گردی کے خلاف پنجاب کی صوبائی حکومت کے کردار کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں اُن کی اتحادی حکومت ہے اور اُن کے بقول دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ”یہ تفریق نہیں کرنی کہ یہ پنجاب حکومت یا مرکز کا معاملہ ہے“ ۔ اُنھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

XS
SM
MD
LG